روس سامراج کے خلاف جنگ جیت جائے گا، کم جونگ اُن

شیعیت نیوز: شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے ایک تقریر میں جو لگتا ہے کہ یوکرین اور اس کے مغربی حامیوں بشمول امریکہ کا حوالہ دے رہے ہیں، اس بات پر زور دیا کہ روس سامراج کے خلاف جنگ جیت جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال یوکرین پر روس کے حملے اور اقوام متحدہ کے اکثر ارکان کی مذمت اور روس کے اقدامات کو غیر قانونی قرار دینے کے بعد، شمالی کوریا نے کریملن کے ساتھ قریبی تعلقات کو لایا ہے اور ماسکو کی حمایت جاری رکھی ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو لکھے گئے خط میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے کہا کہ ’’ہم آپ، روسی فوج اور عوام کے لیے عالمی امن کو برقرار رکھنے کے لیے مقدس جنگ میں بہترین خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔‘‘
کم جونگ اُن نے ولادیمیر پوٹن کو روس کے ’’یوم فتح‘‘ پر بھی مبارکباد دی، جو 1945 میں نازی جرمنی کی شکست کی سالگرہ ہے، اور مزید کہا کہ روس اپنی آزادی اور علاقائی استحکام کا تحفظ جاری رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں : عرب لیگ میں شام کی رکنیت کی بحالی امریکہ کی بڑی شکست ہے، ایڈیٹر عبدالباری عطوان
دوسری جانب جنوبی کوریا کی وزرات دفاع نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا اور امریکہ رواں ہفتے کے دوران سئول میں سائبر شعبے میں تعاون کے بارے میں مذاکرات کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق سئول میں دونوں ملکوں کے سائبر تعاون ورکنگ گروپ کا آٹھواں اجلاس منعقد ہو گا۔ گذشتہ چار برسوں کے دوران کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے یہ اجلاس ورچوئل شکل میں منعقد ہوئے تھے۔
جنوبی کوریا اپنے مغربی اتحادی امریکہ کے ساتھ مل کر ہم آہنگ اور مشترکہ اقدامات میں شمالی کوریا کو جنگ پسند اور عالمی امن و سلامتی کے دشمن کے طور پر دنیا والوں کے سامنے پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
یونہاپ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ سئول اجلاس میں دونوں فریق سائبر سیکورٹی کی پالیسیوں، سائبر خطرات کے موجودہ عمل اور سائبر سیکورٹی کی تربیت کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کا جائزہ لیں گے۔
گذشتہ سال کے آخر میں جنوبی کوریا کے سیکورٹی حکام نے دعوی کیا تھا کہ شمالی کوریا نے ماہرین کا ایک گروپ منظم کر کے ایک سائبر فورس تشکیل دی ہے اور وہ اسے سائبر اسپیس میں استعمال کر رہا ہے۔
جنوبی کوریا نے الزام لگایا ہے کہ دو ہزار نو سے لے کر اب تک ہونے والے تمام چھے سائبر حملے شمالی کوریا نے کیے ہیں جبکہ شمالی کوریا نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے۔