اہم ترین خبریںپاکستان

عالمی شہرت یافتہ معروف میزبان، صداکار و ہدایت کار ضیاء محی الدین انتقال کرگئے، نماز جنازہ امام بارگاہ یثرب میں ادا

آپریشن کے بعد ضیاء محی الدین کو اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کیا گیا تھا، جہاں آج بروز پیر وہ دورانِ علاج انتقال کر گئے

شیعیت نیوز: عالمی شہرت یافتہ معروف میزبان، صداکار و ہدایت کار ضیاء محی الدین کراچی میں 92 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، مرحوم ضیاء محی الدین کی نمازِ جنازہ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں واقع مسجد و امام بارگاہ یثرب میں ادا کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ معروف میزبان، صداکار و ہدایت کار ضیاء محی الدین طبیعت کی ناسازی کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ گزشتہ دنوں ضیاء محی الدین کو بخار اور پیٹ میں شدید تکلیف کے باعث اسپتال داخل کیا گیا، جہاں پر الٹرا ساؤنڈ کئے جانے پر معلوم ہوا ہے کہ ان کی آنت میں خرابی پیدا ہوئی ہے، جس پر ان کی آنت کا آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے بعد ضیاء محی الدین کو اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کیا گیا تھا، جہاں آج بروز پیر وہ دورانِ علاج انتقال کر گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی صدر ڈاکٹر عارف علوی کی انقلاب اسلامی کی فتح کی چوالیسویں سالگرہ پر مبارکباد

معروف صداکار ضیاء محی الدین کی نمازجنازہ ڈیفنس فیز 4 کراچی کی مسجد و امام بارگاہ یثرب میں ادا کر دی گئی۔ ان کی نمازجنازہ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ضیاء محی الدین 20 جون 1931ء کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے۔ حکومت کی جانب سے ضیاء محی الدین کو ان کی خدمات کے اعتراف میں 2003ء میں ستارۂ امتیاز اور 2012ء میں ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا۔ 2004ء میں ضیاء محی الدین نے کراچی میں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ کی بنیاد رکھی اور زندگی کے آخری لمحات تک اس ادارے کے سربراہ رہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button