ایران

ایران مشکل صورتحال میں ترکی کے ساتھ کھڑا ہے، ایرانی وزیر خارجہ

شیعیت نیوز: ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے ترک ہم منصب سے ٹیلی فون کال پر کہا کہ ایران اس مشکل صورتحال میں ترک حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان نے پیر کی شب ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاووش اوغلو کے ساتھ ٹیلیفون پر بات چیت کی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے ترکی کی حکومت اور عوام سے اس خوفناک زلزلے پر تعزیت کا اظہار کیا جس میں ہزاروں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے زلزلے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔

امیر عبداللہیان نے ایرانی ہلال احمر سوسائٹی کی جانب سے ایرانی صدر کے حکم کے مطابق ترکی کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے آمادگی کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی ہلال احمر سوسائٹی کی امدادی اور طبی ٹیمیں پیر کو رات گئے ترکی روانہ کر دی گئی ہیں تاکہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو امداد فراہم کی جا سکے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم اس مشکل صورتحال میں ترک قوم اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ترک وزیر خارجہ چاوش اوغلو نے ترک عوام کے لیے ایران کی ہمدردی اور حمایت پر شکریہ ادا کیا اور زلزلہ زدہ علاقوں میں لوگوں کی امداد کے لیے ایران کی پیشکش کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں : انسان کو بیدار تو ہو لینے دو ! سابق کرکٹ اسٹار شعیب اختر کا فاتح شام ثانی زہراحضرت زینب ؑ سے اظہار عقیدت

دوسری جانب ایران کے صدر نے اپنے شامی ہم منصب کو امداد کا سلسلہ جاری رہنے کا یقین دلایا ہے۔

صدر سید ابراہیم رئیسی نے شام کے صدر بشار اسد کو زلزلے کے نتیجے میں پیش آنے والی تباہی کی تعزیت پیش کی اور شامی عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی اور یکجہتی کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اسٹریٹیجک تعلقات اور انسانی اصولوں کے پیش نظر ایران شام کے عوام کو درپیش مسائل کو کم کرنے کے لئے ہر ممکنہ مدد فراہم کرے گا اور شام کی حکومت کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

اس موقع پر شام کے صدر بشار اسد نے بھی امدادی سامان کی فوری ترسیل اور امدادی کارروائی میں تعاون کے لئے ایران کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

صدر رئیسی نے اس سے پہلے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان سے بھی ٹیلی فونی گفتگو میں زلزلے سے ہونے والے جانی نقصانات تعزیت پیش کی اور مصیبت کی اس گھڑی میں ہر ممکن مدد فراہم کی آمادگی کا اعلان کیا ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button