دنیا

ترک صدر رجب طیب اردوغان نے مغرب کو خبردار کر دیا

شیعیت نیوز: ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے یوکرین میں ٹینک بھیجنے کے مغرب کے اقدام کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیف کو ٹینکوں کی ترسیل خطرناک ہے اور اس سے یوکرین کا بحران حل نہیں ہوگا۔

ترک صدر رجب طیب اردوغان نے کہا کہ یوکرین کو ٹینکوں کی فراہمی سے یوکرین میں تنازع کے حل میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔

اردوغان نے ٹی آر ٹی ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ ٹینک بھیجنا تنازع کے حل کے عناصر میں سے ایک ہے، یہ ایک پرخطر کاروبار ہے اور یہ اسلحہ ڈیلروں کے لیے مفید ہے اور اس سے بحران کو حل کرنے اور جنگ کو روکنے میں مدد نہیں ملے گی۔

دریں اثنا یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیترو کلبا نے اعلان کیا کہ ملک کی مسلح افواج کو 120 سے 140 کے درمیان جدید مغربی بھاری ٹینک ملیں گے۔

ان ہتھیاروں کی ترسیل کے وقت کا اعلان کیے بغیر انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین فرانس کے ’’ لیکلرک‘‘ جنگی ٹینکوں پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے۔

ان کے مطابق 12 ممالک نے ٹینک بھیجنے پر اتفاق کیا ہے اور کیف مغربی جنگی طیاروں اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل حاصل کرنے کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔

یوکرین کے وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا کہ یہ ہتھیار کشیدگی پیدا کرنے کے لیے نہیں ہیں بلکہ یہ دفاعی اور ڈیٹرنس ہتھیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : چین کے بیان سے امریکی ایوان نمائندگان سیخ پا

دوسری جانب روس نے بدھ کے روز صیہونی حکومت کو یوکرین کو ہتھیار بھیجنے کی کسی بھی کارروائی کے بارے میں خبردار کیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ کیف کو فوجی امداد بھیجنے پر غور کر رہے ہیں اور جنگ کے خاتمے کے لیے ثالثی کے لیے تیار ہیں۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے اس مسئلے پر صحافیوں کو بتایا کہ ہمارا موقف یہ ہے کہ وہ تمام ممالک جو یوکرین کو ہتھیار بھیجتے ہیں، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ہماری مسلح افواج ان ہتھیاروں کو جائز اہداف سمجھتی ہیں۔

گزشتہ سال فروری میں یوکرین میں جنگ کے آغاز کے بعد سے صیہونی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اس جنگ میں غیر جانبدار ہے اور یوکرین کو فوجی امداد نہیں بھیج رہا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button