عشرۂ فجر کے موقع پر رہبر انقلاب اسلامی کی بانی انقلاب کے مزار پر خراج عقیدت

شیعیت نیوز: رہبر معظم آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے عشرۂ فجر کی آمد کے موقع پر بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رہ) کے مزار پر پہنچ کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے ہر سال کی مانند آج بھی اسلامی انقلاب کی 44 ویں سالگرہ کے ایام ’’عشرۂ فجر‘‘ کی آمد پر آج صبح بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) کے مزار پر حاضری دی، وہاں نماز ادا کی، قرآن مجید کی تلاوت کی اور ان کے بے مثال اور تاریخی کارناموں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے امام خمینی (رح) کے مزار کے علاوہ شہدائے انقلاب کے مزار پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں آپ ایران کے شہید چیف جسٹس آیت اللہ بہشتی، ایران کے شہید صدر اور وزیر اعظم محمد علی رجائی و جواد باہنر اور ساتھ ہی دیگر شہدائے انقلاب کی قبروں پر گئے اور شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔
یہ بھی پڑھیں : نیتن یاہو حکومت کے اقدامات جنگی جرائم ہیں، ڈیموکریٹک فرنٹ
ایران کے اسلامی انقلاب کی قابل فخر کامیابی کی 44 ویں سالگرہ کی دس روزہ تقریبات ’’عشرۂ فجر‘‘ کا آغاز کل یکم فروری بروز بدھ سے ہو گا۔
چوالیس سال قبل یکم فروری کو ایران کے بانی امام خمینی (رح) پندرہ سال کی جلاوطنی کے بعد ایران واپس تشریف لائے اور قوم نے آپ کا فقید المثال استقبال کیا۔ امام خمینی (رح) کی وطن واپسی کے محض دس روز بعد ایران کا عظیم اسلامی انقلاب کامیابی سے ہمکنار ہوا۔
اسی مناسبت سےایران میں ہرسال ان ایام میں ’’عشرہ فجر‘‘ کے نام سے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی دس روزہ تقریبات کا شایان شان طریقے سے اہتمام کیا جاتا ہے۔
اس درمیان عشرۂ فجر کی صبح یعنی کل بروز بدھ تہران کے مہرآباد ایئر پورٹ سے بہشت زہرا کے راستے میں موٹر سائیکل سواروں کی ریلی نکالی جائے گی اور اس راستے پر پھول نچھاور کئے جائیں گے۔