دنیا

قرآن مجید کے نسخے کو نذر آتش کرنا اشتعال انگیز عمل ہے، مولانا سید کلب جواد

شیعیت نیوز: مجلس علماء ہند نے سویڈن کے دارلحکومت اسٹاک ہوم میں قرآن مجید کے نسخے کو نذرآتش کئے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سویڈن حکومت کے اس عمل کو انتہاپسندی اور اسلاموفوبیا سے تعبیر کیا۔

مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نے سویڈن حکام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید مقدس کتاب ہے، اس کے نسخے کو نذر آتش کرنا اشتعال انگیز عمل ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہا کہ قرآن مجید کی بے حرمتی ایک وحشیانہ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر مسلموں کو چاہیئے کہ جس طرح مسلمان ان کے مقدسات کا احترام کرتے ہیں وہ بھی ان کے مقدسات کے احترام کو یقینی بنائیں، ایسا فعل کسی کی بھی طرف سے سرزد ہو وہ قابل مذمت ہے۔

مولانا سید کلب جواد نقوی نے مزید کہا کہ سویڈن حکام کو معلوم ہونا چاہیئے کہ یورپ میں جس قدر اسلاموفوبیا میں اضافہ ہوتا گیا اسی قدر وہاں نوجوان اسلامی تعلیمات کی طرف راغب ہوتے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی فوجی اڈے میں درجنوں اسرائیلی فوجی فوڈ پوائزننگ کا شکار

انہوں نے کہا کہ آج یورپ میں اسلام تیزی سے فروغ پا رہا ہے کیونکہ مسلسل اسلامی مقدسات کی اہانت اور مذہبی صحائف کی بے حرمتی نے نوجوان نسل کو اسلامی تعلیمات کے مطالعہ کی طرف راغب کیا، جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے۔

مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہا کہ سویڈن حکومت کا یہ افسوس ناک اور قابل مذمت رویہ مسلمانوں کے عقائد کو کمزور نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بجائے سویڈن کے غیر مسلم قرآن مجید کی تعلیمات کی طرف راغب ہوں گے اور بین المذاہب تفریق کم ہوگی، کیونکہ نفرت اور انتہاپسندی کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔

مولانا سید کلب جواد نقوی نے مسلمان ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان معاملات میں مسلمان حکمرانوں کو ہمہ وقت بیدار رہنے کی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو چاہیئے کہ ایسے مسائل میں باہم سخت موقف اختیار کریں تاکہ اس طرح کے انتہا پسند اقدامات پر قدغن لگ سکے، ان کی مصلحت آمیز اور مفاد پرستانہ خاموشی عالم اسلام کے حق میں نہیں ہے۔

مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم سویڈن سفارت خانہ واقع دہلی کو خط لکھ کر اپنا احتجاج بھی درج کروائیں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button