ایران

ایران کے خلاف امریکہ کا غیر قانونی رویہ اقوام متحدہ کے منشور کے منافی ہے، ایروانی

شیعیت نیوز: اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ دنیا کے آزاد ملکوں کے خلاف امریکہ کے خودسرانہ اور غیر قانونی اقدامات قانون کی حکمرانی کو کمزور کرنے کے علاوہ اقوام متحدہ کے منشور کے بھی منافی ہیں۔

یہ بات امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی امن و سلامتی کے تحفظ کے لئے قانون کی حکمرانی بہت ضروری ہے اور اس کی بدولت ہی بین الاقوامی قانون میں اصول کے مطابق امن و استحکام اور عدل و انصاف کو فروغ حاصل ہوتا ہے۔

ایرانی مندوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقوام متحدہ کا منشور تمام رکن ملکوں کو اصول کا پابند بناتا ہے کہ وہ امن و استحکام کے تحفظ کے لئے قانون کی بالا دستی کو تسلیم کریں۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی عوام کا ملک کے اندرونی مسائل میں مغربی حکومتوں کی مداخلت کی مذمت میں مظاہرہ

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور کا بنیادی اصول تمام ملکوں کی حاکمیت کی مانند ہے، تاکہ بین الاقوامی تعلقات میں زور زبردستی پر پابندی رہے، تنازعات کے پرامن حل کی کوشش کی جائےاور منطق و اصول کے مطابق قانون کی حکمرانی کو فروغ دیا جائے۔ بنابریں اقوام متحدہ کا منشور ایک ایسے قانون کی مانند ہے کہ جس پر تمام ممالک کو عمل کرنا چاہئے۔

امیر سعید ایروانی نے کہا کہ اقوام متحدہ کے بعض رکن ملکوں اور خاصطور سے امریکہ نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم اور اس کی طاقت و اختیارات سے ہمیشہ غلط فائدہ اٹھایا ہے اور اس نے اپنے خود سرانہ اور غیر قانونی اقدامات کو مؤثر بنانے اور اپنے غیر اصولی و سیاسی مقاصد کو عملی جامہ پہنانے کے لئے دیگر ملکوں پر دباؤ ڈالنے کے لئے اقوام متحدہ کو ایک حربے و ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے افغانستان میں گذشتہ بیس برسوں کے دوران بیرونی افواج کے جرائم کی بین الاقوامی کرمنل کورٹ میں تحقیقات کو ہمیشہ نظرانداز کیا ہے۔

دریں اثنا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغانستان سے امریکہ اور نیٹو افواج کے غیر ذمہ دارانہ اور جلد بازانہ انخلا کے نتائج کا کبھی جائزہ نہیں لیا جس کی بنا پر اس ملک کے بدترین مسائل سے دوچار ہونا پڑا ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا کہ بہرحال خودسری و انانیت قانون کی بالادستی اور اقوام متحدہ کے منشور کے لئے بڑا خطرہ اور بین الاقوامی امن و سلامتی اور تعاون کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button