اہم ترین خبریںپاکستان

کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے،جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا مستقل امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، علامہ ساجد نقوی

علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال سفاکیت کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے غاصب بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت تک ختم کی

شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے، جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا خطے میں مستقل امن کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوگا، متفقہ قراردادوں کے باوجود اقوام متحدہ مسلسل خاموشی اور بے حسی کا مرتکب ہورہا ہے، یو این او بے بس نظر آتا ہے کہ وہ اپنی ہی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کراسکتا، مقبوضہ علاقے کبھی اٹوٹ انگ نہیں ہوتے، بھارت ہٹ دھرمی چھوڑے اور مظلوم عوام کواستصواب رائے کا حق دے، 7 عشرے گزرنے کے باوجود کشمیری عوام مسلسل بھارتی ظلم، جبر اور ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنتے چلے آرہے ہیں، اقوام متحدہ اتنا کمزور ہوچکا کہ اپنی ہی متفقہ قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کی رولنگ نہیں دے سکتا، گزشتہ سالوں سے ایک مرتبہ پھر جہاں سینکڑوں کشمیری نام نہاد سرچ آپریشنز کے نام پر شہید کئے جارہے ہیں وہیں پیلٹ گنز کے استعمال سے جوانوں کے ساتھ بزرگ شہریوں، خواتین اور بچوں تک کو نشانہ بنایا گیا اور بینائی سے محروم کردیا گیا لیکن کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔

یہ بھی پڑھیں: شہدائے القدس و فلسطین کی عظیم قربانیاں جلد آزادی پر منتج ہوں گی، متحدہ علماء محاذ

علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال سفاکیت کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے غاصب بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت تک ختم کی، مودی سرکار اوچھے ہتھکنڈوں سے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی نہ صرف سازش کررہی ہے بلکہ اس حوالے سے خاموشی سے اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں اور کشمیر کے باسیوں کو ہر لحاظ سے ان کی اپنی سرزمین سے بے دخل کرنے کی سازش کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو مزید مؤثر انداز میں اٹھانے کیلئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی، سلامتی کونسل کے ساتھ دیگر فورمز پر بھرپور انداز میں اٹھا کر بھارتی نام نہاد جمہوریت کو بے نقاب کیا، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ مسئلہ کشمیر کے قابل عمل حل کیلئے آگے بڑھا جائے اور تمام اسٹیک ہولڈرز، عوامی طبقات کو اعتماد میں لیتے ہوئے بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں قابل عمل حل مرتب کیا جائے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button