اہم ترین خبریںایران

مکتبِ سلیمانی کے شاگرد امریکہ کو خطے سے نکال دیں گے، جنرل اسماعیل قاآنی

شیعیت نیوز: سپاہ پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے کہا کہ مکتبِ سلیمانی کے شاگرد امریکیوں کو خطے سے نکال باہر کریں گے جبکہ دشمن شہید سلیمانی کے سائے سے بھی خوفزدہ ہیں۔

ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے قدس فورس کے سابق کمانڈر اور عالمی استکبار کے خلاف مقاومتی محاذ کے سرکردہ رہنما شہید جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے دن کی مناسبت سے مقاومتی محاذ میں جنرل قاسم سلیمانی کے کردار پر گفتگو کی۔

جنرل اسماعیل قاآنی نے کہا کہ شہید سلیمانی کا راستہ جاری رکھنا ان کے خون کا بدلہ ہے۔ مجرموں سے انتقام پہلے لمحے سے ہی شروع ہو چکا ہے اور ضرور اپنے انجام کو پہنچے گا۔ ہم دشمن سے کہتے ہیں کہ امریکہ سے انتقام اور تمہاری شکست شروع ہو چکی ہے اور تمہیں اب اپنے گھروں کے اندر بھی سکون میسر نہیں ہے۔

جنرل قاآنی نے مزید کہا کہ حاج قاسم سلیمانی اخلاص اور شجاعت کے ساتھ حق کی راہ میں اور اسلام اور مظلوموں کے دفاع کے لیے لڑے۔ دشمن ان کے سائے سے بھی ڈرتے تھے۔ شہید سلیمانی نے ایک بار خود عراقی عوام کے ذریعے امریکیوں پر اس طرح سے دباؤ ڈالا کہ امریکی افسروں نے اپنے ٹینکوں کے اندر ایزی لائف (ڈائپر) پہنے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : مقاومت کو طاقتور بنانااور استکباری داعشی فتنے کو شکست دینا شہید سلیمانی کا بڑا کارنامہ تھا، آیت اللہ خامنہ ای

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہید سلیمانی کے بزدلانہ قتل کے بعد امریکی پہلے دن سے ہی اس جرم کی وجہ سے دباؤ میں ہیں۔ اسی وجہ سے اللہ کی مدد سے شہید سلیمانی کے مکتبِ سلیمانی کے شاگرد پہلے امریکیوں کی ہڈیاں کچلیں گے اور پھر انہیں خطے سے نکال باہر کردیں گے۔ اس بنا پر ہم دشمن سے کہہ رہے ہیں کہ تمہاری شکست اور امریکہ سے انتقام کا آغاز ہو چکا ہے اور اب تمہیں اپنے گھروں میں بھی سکون میسر نہیں ہے اور یہ بعید نہیں کہ ہم تم سے تمہارے گھر کے اندر ہی انتقام لیں۔

پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر نے تاکید کی کہ اہم بات یہ ہے کہ حاج قاسم کی شہادت کے بعد ان کے بارے میں لکھنے کا رجحان بڑھ گیا ہے۔ یاد رکھیں کہ جو بھی شہید سلیمانی کے بارے میں کچھ لکھنا چاہتا ہے ان کا صحیح تعارف پیش کرے، کیونکہ شہید سلیمانی کو مبالغہ آرائی کی ضرورت نہیں۔

خیال رہے کہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے سابق کمانڈر جنرل سلیمانی اور عراق کی پاپولر موبلائزیشن یونٹس (PMU) کے سیکنڈ ان کمانڈ شہید ابو مہدی المہندس 3 جنوری 2020 کو عراقی دارالحکومت بغداد میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے براہ راست حکم پر امریکی فضائی حملے میں شہید کردیئے گئے تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button