جو بائیڈن کی پیوٹن کو دھمکی، نیٹو کی سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے، امریکی صدر
شیعیت نیوز: امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے روسی ہمنصب ولادیمیر پیوٹن کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اپنے نیٹو اتحادیوں کے ساتھ نیٹو کی سرزمین کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
رشیا ٹوڈے کے مطابق بائیڈن کے یہ اظہارات پیوٹن کی اس تقریر کا جواب ہیں جو جمعے کو ان معاہدوں پر دستخط کرنے سے پہلے کی گئی تھی جو ڈونیٹسک، لوہانسک، کھیرسن اور زاپروزیا کے چار علاقوں کی روس میں شمولیت کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ چاروں خطوں نے حال ہی میں روس میں شمولیت کے حوالے سے ریفرنڈم کا انعقاد کیا تھا جبکہ اس اقدام کی امریکا اور اس کے اتحادیوں نے شدید مذمت کی ہے۔
یہ بتائے بغیر کہ پیوٹن کی تقریر کے کس حصے کا جواب دے رہے ہیں، بائیڈن نے مزید کہا کہ امریکہ اپنے نیٹو اتحادیوں کے ساتھ نیٹو کی سرزمین کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے، مسٹر پیوٹن میری بات کو غلط مت سمجھیں، ایک ایک انچ۔
بی بی سی کی خبر کے مطابق جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں پیوٹن کے الفاظ کے ردعمل میں کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی ان سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : داود العلی ، آل سعود کے ظلم و ستم کی نئی قربانی، العہد کی رپورٹ
دوسری جانب عالمی میڈیا کے مطابق فلوریڈا کے لوگ اب بھی بڑے سیلاب سے نمٹ رہے ہیں، ممکنہ طور پر انہیں کئی دنوں تک خطرناک سمندری طوفان کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، یہ ریاست کی تاریخ کا سب سے بدترین طوفان ہے۔
حکام نے بتایا کہ صرف فلوریڈا میں سمندری طوفان ایان کی وجہ سے کم از کم 64 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، شمالی کیرولینا میں طوفان سے متعلقہ واقعات میں 4 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ماہرین نے خبردار کیا کہ طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ، ریاست فلوریڈا میں ہیں ، جہاں طوفان اگلے ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے۔
سی این این کے مطابق ان کے اسٹاف نے دیکھا کہ ہفتے کی صبح مغربی فلوریڈا کے آرکیڈیا میں طوفان کی وجہ سے شہر کے متعدد حصے جھیل کا منظر پیش کر رہے ہیں، جس سے مرکزی سڑک ڈوب گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ زیادہ متاثرہ فورٹ مائرز میں طوفان سے گاڑیاں اور کئی گھر تباہ ہوگئے ہیں
روئٹرز کے مطابق طوفان بدھ کے روز فلوریڈا کے ساحل سے ٹکرایا تھا، جس کے بعد شہر تباہ کن علاقوں میں تبدیل ہوگئے، جس کی وجہ سے سڑکیں پانی میں ڈوب گئی تھیں اور درخت گرنے کی وجہ سے راستے بلاک ہو گئے تھے جبکہ کئی کھمبوں کو نقصان پہنچا تھا۔
حکام نے بتایا تھا کہ فلوریڈا میں اب بھی ہزاروں افراد لاپتہ ہیں لیکن اکثر پناہ گاہوں میں یا بجلی کے بغیر ہیں۔
امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہےکہ ممکنہ طور پر ایان امریکی تاریخ کے بدترین طوفانوں میں سے ایک ہے، انہوں نے شمالی کیرولینا میں ایمرجنسی کا اعلان کیا۔







