ایران

امریکہ جلد از جلد مذاکرات کے راستے واپس آجائے، پائیدار معاہدے کے لیے تیار ہیں، خطیب زادہ

شیعیت نیوز: ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ اب ایران سفارت کاری کی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، یہ ٹرین پٹری سے نہیں اتری ہے تو امریکہ جلد از جلد مذاکرات کے راستے واپس آجائے۔

یہ بات سعید خطیب زادہ نےبروز پیر اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے ویانا مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات پٹری سے خارج نہیں ہوئے ہیں۔ امریکہ کی دوگانہ اور متضاد پالیسی سب کے لئے روشن ہوگئی ہے۔ امریکی حکومت سے عالمی برادری کا اعتماد ختم ہوگيا ہے۔ ہمیں بھی اپنے قومی اور ملکی مفادات کے تحفظ کے سلسلے میں محتاط انداز میں آگے بڑھنا چاہیے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی صدر کے مشرق وسطی کے سفر کے بارے میں مہر نیوز کے نامہ نگار کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے بھی ذرائع ابلاغ کے ذریعہ سنا ہے کہ امریکی صدر مشرق وسطی کا دورہ کریں گے۔ امریکی صدر کے دورے کے بارے میں کوئي بھی قضاوت قبل از وقت ہوگي ۔ علاقائی ممالک کو امریکی مکر و فریب سے دور رہنا چاہیے اور امریکی دھوکے میں آکر اسرائيل کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات قائم نہیں کرنے چاہییں۔

یہ بھی پڑھیں : دعازہرا نکاح کیس، علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے فقہائے نجف سے رجوع کرلیا

انہوں نے کہا کہ غاصب صہیونی حکومت کو باقاعدہ تسلیم کرنا فلسطینی مسلمانوں اور امت مسلمہ کے ساتھ بہت بڑی خیانت اور غداری ہے اور مسلمان غداروں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔

خطیب زادہ نے ترکی اور ایران کے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی وزير خارجہ امیر عبداللہیان عنقریب ترکی کا دورہ کریں گے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ویانا مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ویانا مذاکرات میں سب سے بڑی رکاوٹ امریکہ ہے اگر امریکہ مشترکہ ایٹمی معاہدے میںو اپس آنا چاہتا ہے تو اسے اپنے وعدوں پر عمل کرنا پڑےگا۔ انھوں نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ مذاکرات کی حمایت کی ہے۔

خطیب زادہ نے بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کی رپورٹ کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے ہمیشہ این پی ٹی معاہدے کی پابندی کی ہے اور پابندی کررہا ہے۔ بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کو اسرائيل اور امریکہ کے خطوط پر نہیں چلنا چاہیے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ روس کے وزير خارجہ سرگئی لاوروف رواں ہفتہ کے آخر میں تہران کا دورہ کریں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button