اہم ترین خبریںایران

آيۃ اللہ سید علی خامنہ ای نے آيت اللہ الحاج فاطمی نیا کی نماز جنازہ پڑھائی

شیعیت نیوز: رہبر معظم انقلاب اسلامی آيۃ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے پیر 16 مئي 2022 کی شام کو آيت اللہ الحاج فاطمی نیا کے جنازے پر فاتحہ خوانی کے ساتھ ہی اس عالم ناصح کی نماز میت بھی پڑھائی۔ اس موقع پر مرحوم آيت اللہ الحاج سید عبد اللہ فاطمی نیا کے کچھ اہل خانہ اور قریبی افراد بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ آيت اللہ الحاج سید عبد اللہ فاطمی نیا تہران کے شیریں بیان واعظین، اسلامی محققین و مؤرخین اور اخلاقیات کے ممتاز اساتذہ میں سے ایک تھے جو طویل علالت کے بعد پیر 16 مئی 2022 کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

یاد رہے کہ رہبر انقلاب اسلامی نے پیر کے روز ایک پیغام جاری کر کے آيت اللہ الحاج فاطمی نیا کے انتقال پر تعزیت پیش کی تھی۔

انھوں نے اس عالم ناصح کی وسیع معلومات، دلکش بیان اور شیریں لہجے کو نوجوانوں اور صحیح راہ کے متلاشیوں کی ایک بڑی تعداد کے لیے ایک پرفیض سرچشمہ بتایا تھا اور ان کے لیے خداوند عالم سے رحمت و مغفرت اور اجر عظیم کی دعا کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : رہبر معظم آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کا مرحوم آیت اللہ فاطمی نیا کے انتقال پر تعزیتی پیغام

ایران کے مقدس شہر قم میں مرحوم آیت اللہ سید عبداللہ فاطمی نیا کے پیکر پاک کو مسجد امام حسن عسکری (ع) سے حرم مطہر کی طرف تشییع کیا گيا ۔

مرحوم آیت اللہ فاطمی نیا کی تشییع جنازہ میں بڑی تعداد میں حوزہ علمیہ قم کے علماء و فضلاء اورعوام نے شرکت کی ۔

مرحوم آیت اللہ فاطمی نیا کے پیکر کو ضریح مطہر حضرت معصومہ (س) کا طواف کرایا گیا اور اس کے بعد مرجع تقلید آیت اللہ شیخ جعفر سبحانی نے مرحوم کے پیکر پاک پر نماز میت ادا کی۔

نمازجنازہ ادا کرنے کے بعد مرحوم آیت اللہ فاطمی نیا کے پیکر کو شہید مطہری رواق میں سپرد خاک کردیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق آج رات نماز مغرب و عشاء کے بعد حرم مطہر حضرت معصومہ (س) کے شبستان حضرت امام خمینی (رہ) میں مرحوم آیت اللہ سید عبداللہ فاطمی نیا کے ایصال ثواب کے سلسلے میں مجلس ترحیم منعقد کی جائے گی ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button