ایران

فلسطین کے یوم نکبہ کی مناسبت پر ایرانی ایوان صدر کا بیان

شیعیت نیوز: ایران کے ایوان صدر میں فلسطینی عوام کے اسلامی انقلاب کی حامی کمیٹی نے ایک بیان جاری کر کے یوم نکبہ کو فلسطین کے مظلوم اور نہتھے عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کا دن قرار دیا ہے۔

جارح صیہونیوں نے چودہ مئی سن انیس سو اڑتالیس کو فلسطینی علاقوں پر قبضہ کر کے علاقے میں ظلم و زیادتی، جرم و جارحیت بدامنی و عدم استحکام کی بنیاد رکھی اور اسی بنا پر اس تاریخ کو یوم نکبہ سے موسوم کیا گیا۔

ایران کے ایوان صدر میں فلسطینی عوام کے اسلامی انقلاب کی حامی کمیٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یوم نکبہ ایک ایسا روز ہے کہ جس دن صیہونی دشمنوں نے بے گناہ انسانوں کا خون بہایا، ان کے لئے مسائل و مشکلات پیدا کئے، ان کے شہروں اور علاقوں پر غاصبانہ قبضہ کیا اور اسی طرح فلسطینی و اسلامی تشخص ختم کرنے کی کوششوں کے تحت اپنے ناجائز وجود کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں : عرب لیگ کی طرف سے اتوار کو یوم النکبہ کے موقع پر جاری بیان میں انتباہ

بیان میں کہا گیا ہے کہ غیرقانونی و خودساختہ جعلی غاصب صیہونی حکومت فلسطینی قوم کے حقوق کی پامالی اور فلسطینی عوام پر بے تحاشہ ظلم و زیادتی نیز انہیں ان کے آبائی وطن سے دربدر کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

ایران کے ایوان صدر میں فلسطینی عوام کے اسلامی انقلاب کی حامی کمیٹی نے کہا کہ اگر چہ یوم نکبہ فلسطینیوں کے رنج و آلام کی یاد تازہ کرنے کا دن ہے تاہم اس دن فلسطینی عوام اور دنیا کے حریت پسند لوگ اجتماعات و احتجاجی مظاہرے کر کے پوری دنیا پر اس حقیقت کو واضح کرتے ہیں کہ فلسطینی قوم کے پامال شدہ حقوق کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

صدر ایران کے دفتر سے جاری بیان میں مزید آیا ہے کہ مجرم و غاصب صیہونی، اپنے ناپاک و شرمناک مقاصد کے حصول کے لئے تمام بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصول کو پامال کر رہے ہیں، وہ اس راہ میں کسی بھی طرح کے جرائم کے ارتکاب سے گریز نہیں کرتے اور حال ہی میں انھوں نے الجزیرہ کی فلسطینی نامہ نگار شیرین ابو عاقلہ کو جارحیت کا نشانہ بنا کر شہید کر کے پوری دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ غاصب صیہونیوں کے لئے انسانیت اور بین الاقوامی قوانین کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button