اہم ترین خبریںپاکستان

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی کے تحت مرکزی شبِ دعا کا عظیم الشان اجتماع

شیعیت نیوز: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام ولادت باسعادت حضرت امام مہدی علیہ السلام اور شبِ برأت کے موقع پر مرکزی شبِ دعا کا اجتماع بعنوان یوم مستضعفین جہاں نیٹی جیٹی پل (نزد PNSC بلڈنگ) پر ہوا۔ تلاوت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز کیا۔

دعائے کمیلؒ کی تلاوت مولانا مولانا نعیم الحسن نے کی، شرکاء سے مولانا رضی حیدر اور مولانا طالب موسوی نے خطاب کیا، جبکہ عالمی شہرت یافتہ نعت و منقبت خواں شاہد بلتستانی، دستہ امامیہ کے مرکزی صاحب بیاض عاطر حیدر و دیگر نے امام زمانہ (عج) کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے۔

مولانا رضی حیدر نے شبِ دعا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شعبان کا مہینہ ان شخصیات کی ولادت رکھتا ہے، جنہوں نے سرِ کربلا سب کچھ قربان کرکے دین خدا، دینِ مبین، شریعت محمدیؐ کی روح کو قائم رکھا۔ یہ مہینہ اسلامی تاریخ اور فلسفہ کے مطابق اپنی ایک واضح اہمیت کا حامل ہے، شب برأت و نیمہ شعبان تمام عالم اسلام و مسلمین جہان کیلئے افادیت رکھتی ہے، یہ رات ماہِ رمضان المبارک کی تیاری اور خود سازی کا اہم پہلو رکھتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی میں سعودی مظالم اور پاکستان میں شیعہ نسل کشی کے خلاف شیعیان حیدر کرار کا احتجاج

انہوں نے کہا کہ ماہ شعبان میں مسلمان اپنے کردار اور اپنے آپ کو اس قدر بلند کرلے کہ جب ماہ خدا میں اللہ کا مہمان بنے، تو زیادہ سے زیادہ نیکیاں و تقرب الٰہی حاصل کر سکے۔

مولانا طالب موسوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام مہدی علیہ السلام کا انتظار فقط ایک مسلک یا فرقہ نہیں بلکہ پوری کائنات کر رہی ہے، شبِ برأت و نیمہ شعبان ناصرف گناہوں سے دوری کی رات ہے، بلکہ دراصل یوم مستضعفین جہاں ہے اور اس دن تمام دنیا کے مظلومین اپنے مسیحا کی خدمت میں استغاثہ پیش کرتے ہیں، یقیناً امام مہدی علیہ السلام ہی آکر اس دنیا سے ظلم و ستم کا خاتمہ کریں گے۔

مرکزی شبِ دعا میں آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر محمد عابدی سمیت شہر بھر سے کثیر تعداد میں مومنین و مومنات نے شرکت کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button