عالمی قوتیں آل سعود کے جرم میں برابر کی شریک ہیں، علامہ علی حسنین حسینی

شیعیت نیوز: دینی اور قبائلی رہنماء علامہ علی حسنین حسینی نے سعودی عرب میں آل سعود کی خوشنودی کی خاطر جھوٹے الزامات لگا کر اہل تشیع مسلمانوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آل سعود نے ظلم کی تمام حدوں کو پار کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کو پیروں تلے کچلنے والی سعودی حکومت نے بے گناہ افراد پر اظہار رائے کی وجہ سے الزامات لگائے اور ان کا سر قلم کردیا گیا۔
علامہ علی حسنین حسینی نے کہا کہ انسانی حقوق کے دعویدار تنظیموں اور عالمی طاقتوں کی خاموشی اس بات کی واضح دلیل ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ایسا کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی تاریخ میں بدترین حکمران آل سعود ہیں، جو لوگوں کو خاص مکتب فکر سے تعل رکھنے کے جرم میں سزا دیتے ہیں۔
علامہ علی حسنین حسینی کا کہنا تھا کہ ظلم پر خاموشی اختیار کرنے والی عالمی قوتیں، تنظیمیں اور آل سعود کی پشت پناہی کرنے والے بھی ان کے جرم میں برابر کے شریک ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : آئی ایس او ملتان ڈویژن کے سعودی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے
دوسری جانب پاکستان میں آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ یعقوبی کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ہادی حسین نجفی نے آل سعود کی بادشاہت کے ہاتھوں قتل ہونے والے 81 میں سے 41 شیعہ مسلمانوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وحی اور رحمت کی سرزمین پر ایک دن میں درجنوں بے گناہوں کے سر قلم کرنا سفاکیت ہے، اپنے حقوق کیلئے احتجاج کرنے کے جرم میں شہید ہونے والوں میں تیرہ سال کا بچہ بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آل سعود کی بربریت اور ظلم کے خلاف عالَمِ اسلام اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو ان سنگین سانحات پر احتجاج کرنا چاہیئے، سعودی عرب میں بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع پر دنیا کے ہر باشعور اور باضمیر شخص کو آواز بلند کرنی چاہیئے۔