اہم ترین خبریںپاکستان

پارلیمانی نظام کرپٹ ہے اور یہ کرپشن کو فروغ دیتا ہے، علامہ عبدالخالق اسدی

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا پارلیمانی نظام کرپٹ ہے اور یہ کرپشن کو فروغ دیتا ہے، پیسے دیکر پارٹی ٹکٹ لینے والے لوگ سیاست میں کمائی کرنے کیلئے سرمایہ کاری کرتے ہیں، ان کا مقصد صرف اپنے اکائونٹ بھرنا ہوتا ہے۔

لاہور میں بلدیاتی الیکشن کی تیاری کے حوالے سے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن میں سرمایہ لگانے والے کامیاب ہو کر اس کا گیارہ گنا وصول کرتے ہیں، یہ وصولی جائز و ناجائز تمام ذرائع سے کی جاتی ہے، پھر نوکریاں فروخت ہوتی ہیں، سفارش کرنے کیلئے بھی پیسے لئے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : آل سعود کو اس غیر انسانی سلوک کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ وزارتیں لینے کیلئے بھی بڑے پیمانے پر لین دین ہوتا ہے، جب سسٹم ایسا ہو تو اس میں کیسے توقع کی جا سکتی ہے کہ منتخب نمائندے پارلیمنٹ میں جا کرعوام کے حقوق کی بات کریں گے؟۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی سیٹ اپ میں ہارس ٹریڈنگ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ملک کا وزیراعظم خود کہہ رہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے حکومتی ارکان کو پیسے کی پیشکش کی ہے اور میں (وزیراعظم) نے اپنے ارکان سے کہا ہے کہ پیسے لے کر غریبوں میں بانٹ دیں اور ووٹ اپوزیشن کی بجائے مجھے(عمران خان کو) دیں۔

علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ انتخابی عمل ایسا ہے کہ کوئی غریب آدمی الیکشن لڑ ہی نہیں سکتا، اس صورتحال میں سوائے مافیاز کے عام آدمی کیسے آگے آ سکتا ہے۔ علامہ اسدی نے کہا کہ نظام کو تبدیل کئے بغیر ملکی مسائل حل نہیں ہو سکتے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button