گورنر، وزیر اعلیٰ اور کورکمانڈر پشاور جنرل فیض حمیدکادورہ امام بارگاہ کوچہ رسالدار
شیعیت نیوز: گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان کور کمانڈر پشاور جنرل فیض حمید کے ساتھ امام بارگاہ حسین آباد، کوچہ رسالدار کوہاٹی بازار میں آئے۔
انہوں نے سانحہ میں شہید ہونے والے افراد کے ورثا اور اہل تشیع رہنماؤں سے ملاقات کی۔ امامیہ جرگہ کے اراکین سے ملاقات کے دوران شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگانن کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومتی و ریاستی ذمہ داران کا کہنا تھا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور قومی اتحاد و اتفاق کو خراب کرنے کی سوچی سمجھی کوشش ہے۔ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مل کر جنگ لڑنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران گورنر شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات کے پیچھے دشمن کے مقاصد کو سمجھنا ہو گا، دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ گورنر شاہ فرمان نے کہا کہ آج یہاں حاضر ہونے کا مقصد شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کرنا ہے، اس سانحے میں جو نقصان ہوا اس کا ازالہ نہیں ہو سکتا لیکن اس واقعے کے مجرمان کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ واقعے کے مجرمان تک پہنچنے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنانے پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرذد ہونے والی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: شیعہ علماء کونسل کے اعلیٰ سطح وفد کا لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ، زخمیوں کی عیادت
کور کمانڈر پشاور جنرل فیض حمید نے کہا کہ عبادت گاہوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ جو عناصر قوم میں نفاق پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہم مل جل کر ان کو ناکام بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشکل جنگ ہے لیکن ہم مل جل کر لڑیں گے تو کامیاب ہوں گے۔ سکیورٹی فورسز، حکومت اور عوام کے تعاون سے دہشت گردی کے اس ناسور کو ختم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ اس مقصد کے لئے تمام اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے، ملک میں امن و امان کو یقینی بنانے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے تمام وسائل بروئےکار لائےجائیں گے۔
اس موقع پہ امامیہ جرگے کے اراکین نے گورنر، وزیراعلیٰ اور کور کمانڈر پشاور کا شکریہ ادا کیا۔ امامیہ جرگے کے اراکین نے واضح کیا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو اس اندوہناک سانحہ پہ اپنی سیاست نہیں چمکانے دیں گے اور دشمن کے مذموم مقاصد و عزائم کو ناکام بنانے کیلئے قومی اتحاد و اتفاق کے ساتھ کھڑے ہیں۔







