اہم ترین خبریںپاکستان

طلباء یونین کی بحالی کے بل کی سندھ اسمبلی سے منظوری جمہوریت کی مضبوطی کی جانب اہم قدم ہے، مرکزی صدر جے ایس او

مرکزی صدر کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات کے ساتھ بڑھتے ہوئے ہراسانی اور تشدد کے واقعات قابلِ تشویش ہیں ان پر قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ متاثرین کو انصاف ملے

شیعیت نیوز: مرکزی صدر جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان سید راشد حسین نقوی نے سندھ اسمبلی سے طلبا یونین کے بِل کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ طلبا یونین کی بحالی وطنِ عزیز میں جمہوریت کی مضبوطی کی جانب اہم قدم ہے، سندھ اسمبلی کا یہ اقدام لائقِ تحسین اور خوش آئند ہے۔ طلبا کو اپنے مسائل حل کرنے میں آسانی رہے گی، سندھ اسمبلی سے طلبا یونین بِل کی منظوری، طلبا یونین کی بحالی کے لیے جدوجہد کرنے والی تمام طلبا تنظیموں اور تمام جمہوری طاقتوں کی فتح ہے۔

مرکزی صدر نے کہا کہ اب دوسرے صوبوں پر لازم ہو جاتا ہے وہ طلبا کے سلب شدہ حقوق بحال کریں تاکہ ملک ایک فلاحی جمہوریت کی جانب بڑھ سکے۔ تعلیمی اداروں میں طلبا کو درپیش آنے والے مختلف مسائل کا ازالہ بھی اسی صورت ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سندھ بھر سے جے ایس او کے کارکنوں کو بھرپور انداز میں تیاری کرکے طلبا یونین کے انتخابی میدان میں اترنے کا کہہ دیا ہے۔ جے ایس او پاکستان بلاتفریق تمام طلبا کے تعلیمی، سماجی اور معاشرتی حقوق کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: حضرت امام خمینیؒ نے خدا اور اہل بیت علیہم السلام پہ توکل کیا اور کامیاب ہوئے، آغا نقی ہاشمی

مرکزی صدر کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات کے ساتھ بڑھتے ہوئے ہراسانی اور تشدد کے واقعات قابلِ تشویش ہیں ان پر قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ متاثرین کو انصاف ملے۔ ہمیں اپنی نوجوان نسل کے محفوظ اور روشن مستقبل کی جدوجہد کرنی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ طلبا یونین کی بحالی ان تمام مسائل کا ازالہ کرے گی۔ مستقبل کے لیے ملک میں بہترین لیڈرشپ تیار کرنے میں مدد ملے گی۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button