ایران

ایران کے خلاف یکطرفہ پابندیاں انسانیت کے خلاف جرم ہیں، تخت روانچی

شیعیت نیوز: اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے مجید تخت روانچی نے کہا ہے کہ ایرانی عوام کے خلاف یکطرفہ پابندیاں بالخصوص ادویات پر عائد پابندیاں انسانیت کے خلاف جرائم کے برابر ہیں۔

تخت روانچی نے کہا کہ جیسا کہ ہمارے ملک کے صدر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76ویں اجلاس میں اپنی تقریر میں کہا کہ ایرانی عوام کے خلاف یکطرفہ پابندیاں بالخصوص ادویات پر عائد پابندیاں انسانیت کے خلاف جرم اور مجرمانہ اقدامات کے مترادف ہیں۔ پابندیاں عائد کرنے والے ممالک کو ایسے گھناؤنے جرائم کے لیے سزا دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یکطرفہ جبر کے اقدامات، چاہے یکطرفہ پابندیوں کی شکل میں ہوں یا محدود اقدامات جو وسیع یا منظم پالیسی کے حصے کے طور پر سویلین آبادی کو نشانہ بناتے ہیں اور لوگوں کو زیادہ تکلیف پہنچاتے ہیں، بین الاقوامی انسانی حقوق سمیت بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ کو ایسی جگہ سے مہلک چوٹ پہنچی جس کا اسے تصور بھی نہیں تھا، رہبر معظم انقلاب

تخت روانچی نے کہا کہ تمام پابندیاں یکطرفہ یا کثیرالجہتی، عام لوگوں کے لیے منفی اثرات مرتب کرتی ہیں اور بچوں، عورتوں، بوڑھوں، بیماروں اور غریبوں کو متاثر کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ بعض ممالک جو اپنے ناجائز سیاسی مفادات کے حصول کیلیے ترقی پذیر ممالک کے خلاف پابندیوں کو اپنا پسندیدہ ذریعہ سمجھتے ہیں، کی طرف سے سلامتی کونسل کے اختیارات کا بار بار غلط استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کا رویہ نہ صرف اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے، بلکہ کونسل کے اختیارات اور طاقت کی بے عزتی کی علامت ہے اور اس کونسل کی یکجہتی اور تاثیر کو کمزور کرتا ہے۔

تخت روانچی نے مزید کہا کہ کچھ رکن ممالک اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو نظر انداز کرنے اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی دفعات کی خلاف ورزی کے ساتھ دوسرے ممالک کے خلاف یکطرفہ ظالمانہ اقدامات کے علمبردار ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button