ایم ڈبلیوایم کے تحت کشمیر ویمن میں مسلمانوں کے بہیمانہ قتل عام کے خلاف کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے
صوبائی ترجمان علامہ مبشر نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف اقوام عالم کو اپنا سکوت توڑنا ہو گا

شیعیت نیوز: مظلومین کشمیر و یمن سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر،یمن اور دنیا بھر کے مظلومین کی حمایت اور ظالمین کے خلاف نعرے درج تھے۔شرکاء نے فلگ شگاف انداز میں کشمیر اور یمن کے مظلومین کی حمایت میں نعرے بازی بھی کی۔مقررین نے اپنے خطابات میں امت مسلمہ کی بیداری پر زور دیتے ہوئے اس دور عصر کی اہم ضرورت اور دین اسلام کے حقیقی تشخص کی بقا کے لیے اولین تقاضا قرار دیا۔
اس سلسلے میں مرکزی احتجاج کا آغاز مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام مرکزی مظاہرہ بعد نماز جمعہ جامع مسجد خوجہ اثناء عشری مسجد کھارادر کے باہر منعقد ہواجس میں ایم ڈبلیو ایم کے اراکین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی،صوبائی ترجمان علامہ مبشر حسن،پولٹیکل سیکرٹری میر تقی ظفر،شبیر حسینی و دیگر نے خطاب کیا ۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہو ئے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے کہا کہ عالمی استکباری قوتیں عالم اسلام کے خلاف برسر پیکار ہیں۔اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے وہ ان مسلم حکمرانوں کو استعمال کر رہی ہیں جو دین کی بجائے تخت و تاج کو اپنی بقاء کا ضامن سمجھتے ہیں۔وہ مسند نشین مسلمان جو امت مسلمہ کا لہو بہانے میں مصروف ہیں اسلام کے روشن چہرے پر بدنما داغ ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ویمن کے بے گناہوں شہریوں پر آگ و بارود کی بارش کرنے والے بہت جلد اپنا بھیانک انجام دیکھیں گے۔ظالموں کے لیے خدا کی پکڑ بلاشبہ شدیدہے۔
یہ بھی پڑھیں: دہشت گردوں کی کمین گاہوں کو جڑوں سے اکھاڑنے کی ضرورت ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
صوبائی ترجمان علامہ مبشر نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف اقوام عالم کو اپنا سکوت توڑنا ہو گا۔یورپ میں انسانی حقوق کی پامالی کے معمولی واقعات پر آسمان سر پر اٹھانے والی انسانی حقوق کی عالم تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی افواج کی درندگی کیوں نظر نہیں آتی۔کشمیری نوجوانوں کو خفیہ عقوبت خانوں میں تشدد کر کے موت کے گھاٹ اتارا جا رہا ہے۔ ریاستی اداروں کے ہاتھوں نوجوان عورتوں کی عزتیں محفوظ نہیں۔مقبوضہ کشمیر کئی سالوں سے محاصرے میں ہے۔ اقوام متحدہ اگر مسلمان کو انصاف فراہم نہیں کر سکتا تو اس کا وجود بے مقصد ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیری قوم کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق دیا جائے۔
اس سلسلے میں ایم ڈبلیوایم ضلع غربی کے تحت جامع مسجد حیدری اورنگی ٹاؤن کے باہربھی بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل و امام جمعہ والجماعت علامہ صادق جعفر ی نے کہا کہ اگر امت مسلمہ بیدار نہ ہوئی تو طاغوتی طاقتوں اور ان کے آلہ کاروں کے ذریعے انہیں ناقابل تلافی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔جو عالمی دہشت گرد تنظیمیں اسلام کے نام پر بیگناہوں کے گلے کاٹنے میں مصروف ہیں وہ یہود و نصارٰی کی ایجادکردہ ہیں۔ ہمیں ہر شخص کو اپنی صفوں سے دور کرنا ہو گا جو دین کے نام پر قتل یا تکفیر کا پرچار کرے۔ اگر مسلمان حکمت و بصیرت اور دانش سے کام لیں تو دشمنوں کی تمام چالیں ناکام ثابت ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: آیت اللہ العظمیٰ صافی گلپائیگانی کو حضرت امام حسینؑ کے جوار میں سپرد خاک کردیا گيا
انہوں نے کہا کہ مظلومین کی حمایت ایک شرعی تقاضا ہے۔دنیا بھر کے مسلمان مظلومین کی حمایت میں یک زبان ہو کر ظالموں کو منہ توڑ جواب دے سکتے ہیں۔کشمیر اور یمن میں جاری انسانیت سوز مظالم پر اقوام عالم کی خاموشی قہر خداوندی کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ اس موقع پر چیئرمین حیدرکرارؑ ٹرسٹ رضی حیدر رضوی، تذکرة المعصومینؑ ٹرسٹ کے صدر سید شاہد حسین ،رہنماء مرکزی تنظیم عزا سید افسر رضوی، ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی رہنماء امجد بیگ ،ایم ڈبلیوایم حیدری یونٹ کے ذمہ داران اور بڑی تعداد میں مومنین نے شرکت کی اورکشمیر ویمن کے حق میں اور بھارت وسعودیہ کے مظالم کے خلاف ذبردست نعرہ بازی کی۔