یمن کے صوبہ الجوف اور مآرب پر سعودی جنگی طیاروں کی بڑے پیمانے پر بمباری

شیعیت نیوز: یمن کے نہتے اور مظلوم عربوں کے خلاف سعودی عرب کی بربریت اور جارحیت کا سلسلہ جاری ہے ۔ یمن کے صوبہ الجوف اور مآرب پر سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے بڑے پیمانے پر بمباری کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے گذشتہ 24 گھنٹوں میں صوبہ الجوف اور مآرب پر شدید بمباری کی ہے۔ سعودی عرب کے جنگی طیاروں کی بمباری کا مقصد یمنی فورسز اور قبائل کی صوبہ مآرب میں پیش قدمی کو روکنا ہے۔
ادھر سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے صوبہ الجوف میں شہری آبادی کو وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنایا ہے۔ صوبہ الجوف کو چند روز قبل یمنی فورسز نے سعودی عرب کے کرائے کے فوجیوں سے آزاد کرالیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : یمن کی جنگ آخری مرحلے میں ہے، محمد البخیتی
دوسری جانب جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں کے ساتھ ساتھ یمن پر بمباری میں امریکی اور اسرائیلی جنگی طیارے بھی شامل ہو گئے۔
تسنیم کی رپورٹ کے مطابق یمن کی قومی سالویشن حکومت کے سیاسی دفنر کے رکن علی القحوم نے کہا کہ دارالحکومت صنعا اور دیگر علاقوں پر سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں کے ساتھ ساتھ امریکی اور اسرائیلی جنگی طیارے بھی شامل ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ ان حملوں پر رد عمل ہمارا قانونی حق ہے اور ہم آنے والے دنوں میں دشمن پر ایسا وار کریں گے کہ وہ دنگ رہ جائیں گے۔
یمن کے خلاف جنگ اور جارحیت کا سلسلہ ایسے وقت میں جاری ہے جب سوئیڈن میں صنعاء اور ریاض کے وفد کے مابین 18 دسمبر 2018 کو الحدیدہ میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تاہم سعودی جنگی اتحاد نے اپنی ہی اعلان کردہ جنگ بندی کی ایک دن بھی پابندی نہیں کی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے بعض اتحادی ممالک، امریکہ اور دیگر مغربی ملکوں کی حمایت کے زیر سایہ مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کر رہے ہیں اس عرصے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی جبکہ دسیوں لاکھ یمنی بے سر و سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
سعودی عرب اپنے تمام تر وحشیانہ حملوں کے باوجود اپنا ایک بھی مقصد اب تک حاصل نہیں کر سکا ہے۔