اہم ترین خبریںایران

ایرانی عوام ہمیشہ امریکہ کے مقابلے میں فاتح رہے ہیں، صدر ابراہیم رئیسی

شیعیت نیوز: ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ایرانی عوام ہمیشہ امریکہ کے مقابلے میں فاتح رہی ہے۔

صدر سید ابراہیم رئیسی نے ایران کے شہر سمنان میں سامراج کے خلاف جدوجہد کے قومی دن کے موقع پر امریکہ مخالف ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران سے امریکہ کی دشمنی صرف چالیس سال سے نہیں ہے بلکہ وہ ستّر برس پہلے سے ایرانی عوام کی دولت و ثروت کو لوٹنے کی کوشش کررہا تھا۔

انہوں نے کہا ایرانی عوام سے ان ستّر برسوں کی امریکہ کی دشمنی کے پہلے تیس برسوں میں امریکہ ایران میں بغاوت کراتا تھا، اپنی مرضی کی حکومت مسلط کرتا تھا اور کامیاب بھی رہتا تھا، لیکن پچھلے بیالیس برسوں میں یعنی اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد کے برسوں میں امریکہ کی نہ ختم ہونے والی دشمنیوں کے مقابلے میں ایرانی عوام ہی ہمیشہ فاتح رہے ہیں۔

صدر رئیسی نے کہا کہ چار نومبر کی تاریخ عالمی سامراج اور داخلی استبداد کے خلاف جد وجہد میں امام خمینی (رہ) کی غیرمعمولی قیادت اور پرچمداری کی یاد دلاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہم مذاکرات کو طول دینے اور تاخیری حربے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، خطیب جمعہ

انہوں نے مغربی ملکوں کے ساتھ ایٹمی معاہدے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ مذاکرات سے ہمارا مقصد یہ ہے ان کا کوئی نتیجہ نکلے اور ہم ایرانی عوام کے حقوق و مطالبات سے ذرہ برابر بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اور جب تک ظالمانہ پابندیاں ختم نہیں ہوجاتیں ہم اپنے مؤقف پر قائم رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیسا کہ پہلے کہا گیا ہے، ایران مذاکرات کی میز سے نہیں نکلے گا بلکہ ایسے ضرورت سے زیادہ مطالبات کے خلاف کھڑا رہے گا جس سے ایرانی عوام کے مفادات کو نقصان پہنچتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کسی بھی صورت میں ایرانی قوم کے مفادات سے پیچھے نہیں ہٹے گی، اس کے ساتھ ساتھ ملک پابندیوں کے خاتمے اور پابندیوں کو بے اثر کرنے کی کوشش کرے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button