اہم ترین خبریںایران

مسلح افواج دشمن کے خطرات کے سامنے ایک مضبوط باڑ ہیں، آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای

شیعیت نیوز: رہبر معظم انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ہماری مسلح افواج بیرونی اور اندرونی دشمنوں کے شدید خطرات کے سامنے ایک مضبوط باڑ اور ملک کی دفاعی ڈھال ہیں۔

آیت اللہ خامنہ ای کے کاموں کے تحفظ اور اشاعت کے دفتر khamenei.ir کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے بروز اتوار کو ایران کی فوجی اکادمیوں کے کیڈٹس کے گریجویشن کی مشترکہ تقریب میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کہا کہ جو اغیار پر بھروسے کے وہم میں پڑ کے یہ سوچتے کہ وہ ان کی سیکورٹی کو یقینی بنا سکتے ہیں، انھیں جان لینا چاہیے کہ عنقریب ہی وہ اس کا خمیازہ بھگتیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میرے عزیز یہ ہمارے لیے فخر کا باعث ہے کہ ہماری مسلح افواج ہمارے وطن عزیز میں مسلح افواج ملک و قوم کے لیے ایک مضبوط باڑ اور قلعہ ہیں۔ جیسا کہ امام علی علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ ’’فَالْجُنُودُ بِاِذْنِ اللہِ حُصُونُ الرَّعِیّۃ‘؛اس چیز نے حقیقی معنی میں ہمارے ملک میں عملی شکل اختیار کی ہے اور آج مسلح فورسز، فوج، سپاہ، پولیس اور رضاکار فورس کے ادارے صحیح معنی میں اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے فوجی خطروں کے مقابلے میں دفاعی ڈھال ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے یورپی ملکوں اور امریکہ کے درمیان حال میں سامنے آنے والے اختلافات کی طرف اشارہ کیا اور اسے کسی بھی ملک کی سلامتی کی ذمہ داری خود اسی کے ذریعے سنبھالنے کی اہمیت کا نمونہ بتایا اور کہا کہ حال ہی میں یورپ اور امریکہ کے درمیان جو چپقلش ہوئي اور یورپ والوں نے کہا کہ امریکہ نے ان کی پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے، اس میں اصلی ماجرا یہی ہے کہ یورپ کو اس بات کی ضرورت پڑ گئی ہے کہ وہ اپنی سیکورٹی کی ذمہ داری کو، اپنی ہی فورسز کے ذریعے یعنی نیٹو سے قطع نظر جس کے سیاہ سفید کا مالک امریکہ ہے، اپنے ہاتھ میں لیں۔

آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے یورپی ملکوں کی سلامتی کو اجنبی فورسز سے متعلق یا ان کے قبضے میں بتایا اور اسے ان ملکوں کی ایک کمی سے تعبیر کیا۔

انھوں نے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ یورپ کے پیشرفتہ ممالک تک کی سیکورٹی جب باہری فورسز کے قبضے میں یا ان کے ہاتھوں میں ہے، چاہے وہ باہری فورس بظاہر ان کی دشمن نہیں ہے، تب بھی وہ ممالک محرومی کا احساس کرتے ہیں اور حقیقت میں ایسا ہی ہے کہ ان میں کمی ہے۔ ان ممالک کی تو بات ہی الگ ہے جو کوئی خاص پیشرفتہ بھی نہیں ہیں اور ان کی سلامتی امریکہ اور امریکہ جسیے ممالک کی مسلح فورسز کے اختیار میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کے چہیتے طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں ایک اور شیعہ نوجوان بیدردی سے شہید

رہبر انقلاب اسلامی نے کسی ملک کے سیکورٹی مسائل میں اغیار کی مداخلت کو، اس ملک کے لیے انتہائی تباہ کن مصیبت بتایا اور کہا کہ دنیا کے ملکوں کے لیے ایک انتہائی تباہ کن مصیبت یہ ہے کہ اغیار ان کے سیکورٹی مسائل میں مداخلت کریں، ان کی جنگ و صلح کا منصوبہ پیش کریں اور ان کے لیے راستے کا تعین کریں۔ آج یورپی ممالک تک، جو نیٹو کی چھاؤں میں ہی سانس لیتے ہیں، خودمختاری کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے خطے میں امریکہ سمیت باہری ملکوں کی افواج کی موجودگی کو تباہی اور تنازعات کا باعث بتایا اور کہا کہ سبھی کو اس بات کی کوشش کرنی چاہیے کہ ملک خود مختار ہوں اور فوجیں خود مختار، اپنی اپنی قوم پر منحصر ہوں اور ہمسایہ فوجوں اور خطے کی دیگر فوجوں کے ساتھ تعاون کریں۔ اس خطے کی بھلائی اسی میں ہے۔

اس تناظر میں آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے افغانستان میں امریکی فوج کے جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج، جو مختلف طرح کے تمام روایتی و غیر روایتی ہتھیاروں سے لیس ہے، ہمارے ہمسایہ ملک افغانستان میں داخل ہو گئی تاکہ طالبان کی حکومت کو سرنگوں کر دے۔ وہ بیس سال تک اس ملک میں رہی اور اس نے قتل عام اور جرائم کیے، غاصبانہ قبضہ کیا، منشیات کو پھیلایا اور اس ملک کے محدود اور مختصر بنیاد ڈھانچے کو تباہ کر دیا۔ بیس سال بعد اس نے حکومت طالبان کے حوالے کر دی اور افغانستان سے نکل گئی۔

آيۃ اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے خطے میں باہری فوجوں کو مداخلت کی اجازت نہ دیے جانے پر تاکید کی اور علاقائی ممالک سے کہا کہ ہمیں اس بات کی اجازت نہیں دینی چاہیے کہ اغیار کی فوجیں، اپنے قومی مفادات کے لیے، جن کا علاقائی اقوام سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہزاروں میل دور سے یہاں آئیں اور ان ممالک میں مداخلت کریں، یہان ان کی فوجی موجودگی ہو اور وہ علاقائی فوجوں میں مداخلت کریں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ خطے کی ان اقوام کی فوجیں، اس علاقے کو کنٹرول کر سکتی ہیں اور انھیں دوسروں کو یہاں آنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے ایران کے شمال مغرب میں رونما ہونے والے کچھ واقعات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعات بھی، جو ہمارے ملک کے شمال مغرب میں بعض ہمسایوں کے یہاں رونما ہو رہے ہیں، یہ بھی وہی چیزیں ہیں جنھیں اسی سوچ اور منطق کے ساتھ حل کیا جانا چاہیے۔ البتہ ہمارا ملک اور ہماری مسلح فورسز، پوری عقلمندی سے کام کرتی ہیں۔

آيۃ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے اپنے خطاب کے آخری حصے میں خطے کی حکومتوں کو عقلمندی کے ساتھ عمل کی نصیحت کی اور کہاکہ بہتر ہوگا کہ دوسرے بھی عقلمندی سے کام کریں اور اس علاقے کو مشکل میں نہ پڑنے دیں۔ جو لوگ اپنے بھائیوں کے لیے گڑھا کھودتے ہیں، اس گڑھے میں وہ خود پہلے گرتے ہیں۔’’من حفر بئرا لاخیہ، وقع فیہ‘‘ یعنی جو اپنے بھائی کے لیے گڑھا کھودتا ہے، وہ خود اس میں گر جاتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button