ایران

چہلم امام حسینؑ کے موقع پر ایران کی فضا سوگوار و عزادار

شیعیت نیوز: سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب باوفا کے چہلم کے دن ایران سوگوار و عزادار ہے جبکہ لاکھوں زائرین اس وقت کربلائے معلیٰ میں موجود ہیں۔

فرزند رسول خدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے موقع پر ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس عزا، نوحہ خوانی اور ماتم کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے ہر چند کہ بڑے بڑے اجتماعات منعقد نہیں ہو رہے تاہم ایران کے مسلمان اربعین حسینی کی مناسبت سے مجالس عزا اور عزاداری کر رہے ہیں۔ عراق کے مقدس شہر کربلائے معلی میں اس وقت تل دھرنے کی جگہ نہیں ہے اور عزاداروں کا سمندر امڈ آیا ہے اور اس وقت ہر طرف لبیک یا حسین کی صدا گونج رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کی اقتدامیں آیت اللہ حسن زادہ آملی کی نماز جنازہ کی ادائیگی

اربعین حسینی کے موقع پر ایران کے مختلف علاقوں اور شہروں میں کورونا پروٹوکول کی پاسداری کے ساتھ مجالس عزا اور نوحہ و ماتم کا سلسلہ جاری ہے۔ اس موقع پر پورا ایران سوگوار و عزادار ہے۔

مشہد مقدس اور قم سمیت سبھی مقدس مقامات پر عزاداران مظلوم کربلا کورونا پروٹوکول کی پابندی کے ساتھ عزاداری اور نوحہ و ماتم میں مصروف ہیں۔

ادھرایران میں اربعین واک شروع، زائرین 17 کیلو میٹر کا فاصلہ پیدل چل کر طے کریں گے۔

ایران کے دارالحکومت تہران میں آج اربعین حسینی کے موقع پر حضرت امام حسین (ع) اسکوائر پر حسینی عزاداروں کا عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا جس کے بعد اربعین مارچ کے شرکاء حرم مطہر حضرت شاہ عبدالعظیم حسنی کی جانب رواں دواں ہیں ۔

اربعین پیدل مارچ میں مرد و خواتین، بچے اور بوڑھے سبھی عمر سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہیں اور وہ لبیک یا حسین کے فلک شگاف نعرے لگا رہے ہیں۔

اربعین واک میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے ۔

واضح رہے کہ ایران میں آج بروز پیر جبکہ عراق، پاکستان اور ہندوستان میں کل بروز منگل اربعین حسینی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button