ایران علاقائی تعاون کو خاص اہمیت دیتا ہے، صدر ابراہیم رئیسی

شیعیت نیوز: ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لئے روانگی سے قبل علاقائی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے جمعرات کے روز شنگھائی تعاون تنظیم کے اکیسویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے تاجکستان کے لئے روانہ ہونے سے قبل کہا ہے کہ وہ اس اجلاس میں شرکت اور ایران کا نقطہ نظر پیش کرنے کے علاوہ مختلف ملکوں کے سربراہوں اور اعلی حکام سے ملاقات بھی کریں گے۔
ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے اس دورے میں اپنے تاجیک ہم منصب کے ساتھ ملاقات و مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تاجیک سربراہ سے ہونے والے مذاکرات سے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں خوشگوار تعلقات کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کی جوہری سرگرمیوں پر گزشتہ پانچ عشروں سے کسی کا کوئی کنٹرول نہیں، ایران
انھوں نے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان پائے جانے والے بندھنوں اور مشترکہ اقدار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے اور پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ایران کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ علاقائی ممالک کے درمیان تعاون، خطے کے اہم ترین مسائل میں سے ایک ہے اور ہمارے لیئے علاقائی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور شنگھائی تعاون تنظیم ایک اہم علاقائی تنظیم ہے جس میں اسلامی جمہوریہ ایران کی فعال موجودگی ہے۔
صدر ایران کے کہا کہ ان کی کوشش ہو گی کہ ایشیائی ملکوں کے درمیان مفاہمت کا عمل تیز ہو اور اس سلسلے میں اہم اقدامات عمل میں لائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ دورہ تاجکستان کے موقع پر ایرانی صدر کے ہمرا وفد اور تاجک عہدیداروں کے درمیان مختلف قانونی، اقتصادی اور زراعتی شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط ہوگا جن پر جلد از جلد عمل درآمد سے باہمی تعلقات کا عملی طور پر فروغ ہوجائے گا۔