دھمکی آمیز لہجے کا کوئی نتیجہ بر آمد نہیں ہو گا، امریکہ کو ایران کا انتباہ

شیعیت نیوز: ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے یورپی یونین کے اعلی مذاکرات کار پر واضح کیا کہ ایران کے خلاف دھمکی آمیز لہجے میں بات کرنے کا کوئی نتیجہ بر آمد نہیں ہو گا اور ہماری حکومت میں اس کی کوئی جگہ نہیں تاہم ایران منطقی مذاکرات کا خیر مقدم کرے گا۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ایران کے ٹیلی ویژن چینل 2 سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی پارلیمنٹ اور نئی حکومت مذاکرات میں ایرانی حقوق کے تحفظ کے درپے ہے اور ہم توقع رکھتے ہیں کہ ویانا مذاکرات کے فریق مقابل عقل و منطق کو پیش نظر رکھتے ہوئے مذاکرات کی میز پر بیٹھیں گے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ویانا مذاکرات کے ایرانی عوام کیلئے ٹھوس اور واضح نتائج سامنے آنے چاہئیں اور وقت کے ضیاع کو کوئی بھی قبول نہیں کرتا۔
حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ تقریب حلف برداری کے موقع پر یورپی یونین کے اعلی مذاکرات کار اریکہ مورا سے ہونے والی ملاقات میں کہا کہ امریکی حکام کو ایرانی قوم کے خلاف دھمکی آمیز لہجے میں بات کرنے کے بجائے مودبانہ انداز میں بات کرنی چاہئیے۔
یہ بھی پڑھیں : عراق و افغانستان میں امریکی سازشیں ناکام ہوچکی ہیں، ڈاکٹر علی عسکری
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سربراہ نے ایران کے صدر کے نام ایک پیغام میں کہ اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل آنٹونیو گوترش نے ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے نام ایک پیغام میں عہدہ صدارت کی مبارکباد دی اور کہا کہ اقوام متحدہ اور اس کے سیکریٹری جنرل پوری دنیا میں انسانی حقوق، پائیدار ترقی اور امن و سیکورٹی کے لئے ذاتی طور پر ایران کی نئی حکومت کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہیں۔
ایران کے صدر کے نام آنٹونیو گوترش کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ آپ کا دور صدارت ایسے عالم میں شروع ہورہا ہے جب ہمیں ایران، علاقے اور دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ، ماحولیاتی تبدیلیوں اور مغربی ایشیا میں تباہ کن اور طویل تنازعات کے ساتھ ہی مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے۔
مذکورہ پیغام میں زور دے کر کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے منشور میں درج اہداف کو آگے بڑھانے کے لئے ہمیں حکومت ایران کے تعاون کا یقین ہے۔