ایران

عراق و افغانستان میں امریکی سازشیں ناکام ہوچکی ہیں، ڈاکٹر علی عسکری

شیعیت نیوز: ایران کے ریڈیو ٹی وی کے ادارے آئی آر آئی بی کے سربراہ ڈاکٹر علی عسکری نے کہا ہے کہ عراق و افغانستان میں امریکہ کے آنے کا مقصد ایران کو مرعوب کرنا تھا مگر اس کی سازشیں ناکام ہوچکی ہیں۔

آئی آر آئی بی کے سربراہ ڈاکٹر علی عسکری نے کہا ہے کہ امریکہ نے دوہزار ایک میں ایران کے مشرقی پڑوسی پر قبضہ کیا جس کا مقصد تہران کو خوف زدہ کرنا تھا لیکن افغانستان و عراق میں امریکی سازشیں ناکام ہوگئیں اور افغانستان سے ذلت آمیز انخلا سے ان کی شکست کی تصدیق ہوتی ہے۔

ڈاکٹر علی عسکری نے صوبہ مشرقی آذربائیجان میں آئی آر آئی بی کے متعدد منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ ہارڈ وار میں ناکام ہوجاتا ہے تو سافٹ وار کے ذریعے اپنے اہداف کو آگے بڑھاتا ہے اور دشمن ہمارے خلاف سافٹ وار میں مصروف ہے اور ہمیں اس سلسلے میں بہت ہوشیاری سے کام لینا چاہئے۔

آئی آر آئی بی کے سربراہ نے زور دے کر کہا کہ ہم بھرپور پرامن دور سے گذر رہے ہیں تاہم سافٹ وار عروج پر ہے اور ہمیں سمجھنا چاہئے کہ سافٹ وار، ہماری ثقافت اور تشخص کے لئے خطرہ بنی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : جرمنی میں داعش جنگجوؤں کی مالی مدد کرنے کے الزام میں خاتون گرفتار

ڈاکٹر علی عسکری نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ سب ہی لوگ سافٹ وار کے مشکل حالات کو سمجھیں گے اور اس راستے پر عقلمندی سے آگے بڑھیں گے۔

دوسری جانب ایران نے مرصاد سولہ ڈیفنس میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

فضائیہ کے ڈیفنس یونٹ کے ڈپٹی آپریشنل کمانڈر محمد یوسفی خوش قلب نے منگل کے روز کہا ہے کہ یہ میزائل ڈیفنس سسٹم مکمل طور پر ایران کی ٹیکنالوجی سے تیار ہوا ہے۔

انھوں نے کہا کہ الیکٹرانک جنگ کا مقابلہ کرنے لئے یہ سسٹم جدید ترین ایرانی ٹیکنالوجی سے تیار کیا گیا ہے۔

محمد یوسفی خوش قلب نے کہا کہ مرصاد سولہ میزائل ڈیفنس سسٹم، کم بلندی پر کروز جیسے میزائل کو بھی تیزی سے نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ سسٹم کسی بھی سطح پر کی جانے والی پرواز کا پتہ لگا کر اسے نشانہ بنانے پر قادر ہے۔

قابل ذکر ہے کہ دس شہریور مطابق یکم ستمبر ایران میں یوم دفاع کے طور پر منایا جاتا ہے اور اسی مناسبت سے ایران نے ملک کے وسطی صحرائی علاقے میں مرصاد سولہ میزائل ڈیفنس سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button