اہم ترین خبریںمقبوضہ فلسطین

غزہ کے شمالی، جنوبی و مغربی علاقوں پر صیہونی حکومت کی وسیع بمباری

شیعیت نیوز: غاصب صیہونی حکومت نے گذشتہ شب ایک مرتبہ پھر غزہ پر وسیع بمباری کی ہے۔

عرب چینل الجزیرہ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس میں ایک مزاحمتی مرکز کو نشانہ بنایا جبکہ المسیرہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جیٹ طیاروں کی جانب سے غزہ کے مشرقی علاقے حی الزيتون پر بھی وسیع بمباری کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں صیہونی طیاروں نے غزہ کے جنوبی علاقے صوفا میں لائٹ بم بھی فائر کئے۔

فلسطینی خبررساں ایجنسی شہاب کے مطابق صیہونی طیاروں نے غزہ کے شمال میں واقع پناہ گزین کیمپ جبالیا میں بھی ایک مقام پر بمباری کرنے کے ساتھ ساتھ حی الزیتون کے مشرق میں واقع زرعی زمینوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عرب دنیا نے قبلہ اول غاصبوں کے رحم وکر پر چھوڑ دیا، اسلامی جہاد

مقامی میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی طیاروں کے ہوائی حملوں کے بعد اب صیہونی جنگی کشتیاں بھی غزہ کے سواحل سے خان یونس کی شہری آبادی اور بیت لاھیا میں ماہی گیری کی فلسطینی کشتیوں کو نشانہ بنا رہی ہیں جبکہ حماس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق اس دوران فلسطینی مزاحمتی محاذ نے خان یونس کی ہوائی حدود میں غاصب صیہونی حکومت کا ایک پیشرفتہ ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔

خیال رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے گزشتہ دس مئی کو فلسطین کے خود مختار علاقے غزہ پر جنگ مسلط کر دی تھی جو اکیس مئی تک جاری رہی اور اس دوران اُس نے غزہ کے مختلف علاقوں پر وحشیانہ بمباری کر کے ڈھائی سو سے زائد فلسطینیوں کو شہید جبکہ ایک ہزار سے زائد کو زخمی کر دیا تھا جبکہ اسکی وسیع بمباری میں فلسطینیوں کے سیکڑوں رہائشی مکانات اور تجارتی و دینی مراکز تباہ ہوگئے تھے۔

دوسری جانب معروف صیہونی خبرنگار امیربوخبوط نے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے پیغام میں اطلاع دی ہے کہ حماس نے حملہ آور اسرائیلی طیاروں کو اپنی اینٹی ایئرکرافٹ گنوں کے ساتھ نشانہ بنانے کی کوشش کی جبکہ صیہونی طیارے بموقع فرار کے سبب صحیح و سالم بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button