یمن

یمن میں سعودی مداخلت کا دور ختم ہو چکا، وزیر خارجہ ہشام شرف

شیعیت نیوز: یمن کے وزیر خارجہ ہشام شرف نے کہا ہے کہ ان کے ملک کے داخلی امور میں سعودی مداخلت کا دور ختم ہو چکا ہے اور اسے چاہئے کہ یمن پر تسلط جمانے کا خواب دیکھنا بند کر دے۔

سبا نیوز کے مطابق ہشام شرف نے کہاہے کہ امن و صلح کا جو فارمولہ صنعا نے پیش کیا ہے وہ قومی اقتدار کے دائرے میں یمن اور یمنی عوام کے لئے بہت منصفانہ ہے جس پر یمن سے بیرونی فوجیوں کے انخلا کے ساتھ عمل کیا جا سکتا ہے تاکہ یمن کی آزادی اور قومی اقتدار اعلی کا تحفظ ہو سکے۔

یمن کے وزیر خارجہ ہشام شرف نے سعودی وزیر خارجہ کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے نئے نمائندے کے مشن کے آغاز کے موقع پر سعودی وزیر خارجہ کو طاقت کا دکھاوا کرنے سے بچنا چاہئے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران مزاحمتی گروہوں کا بھروسہ مند اور قابل اعتماد سہارا ہے، سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ

انھوں نے کہا کہ یمن میں قیام امن، اس ملک کے مصائب و آلام اور مسائل و مشکلات کے خاتمے اور اس ملک کی عزت و آزادی اور ترقی و پیشرفت نیز قومی حکومت کے ہاتھوں ملک کے آگے بڑھنے کا باعث بنے گا۔

یمن کے وزیر خارجہ ہشام شرف نے کہا کہ سعودی اتحاد کو سمجھنا ہو گا کہ جنگ و جارحیت سے وہ ملک اور ان کے ملک کے عوام کو اور زیادہ تباہ و برباد تو کر سکتا ہے مگر یمنی عوام کی آزادی کے عزم کو متاثر نہیں کرسکے گا۔

واضح رہے کہ سعودی وزیر خارجہ نے یمنی عوام کے خلاف جنگ و جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا ملک، بحران یمن کے سیاسی حل کے حصول کے لئے بروئے کار لائی جانے والی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

یاد رہے کہ یمن کے نہتے شہریوں کے خلاف سعودی فوجی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کی جانب سے سعودی عرب کے فوجی ٹھکانوں پر میزائل یا ڈرون سے حملے ہوتے رہتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button