اہم ترین خبریںپاکستان کی اہم خبریں

پاکستان ایران کے ساتھ ثقافتی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے کو پرعزم ہے، چیئرمین سینیٹ

شیعیت نیوز : چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز میں تہران اور اسلام آباد کے مابین باہمی تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک بہت سارے علاقائی امور اور علاقائی فلاح و بہبود میں یکساں موقف رکھتے ہیں۔ پاکستان میں متعین ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی اور چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کے درمیان ملاقات ہوئی۔ سنجرانی نے اس ملاقات میں دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین پارلیمانی، اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ یہ ملاقات چیئرمین سینیٹ کے آئندہ دورہ ایران سے قبل ہوئی، اس موقع پر صادق سنجرانی نے کہا کہ آئندہ دورہ تہران دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کو مستحکم کرنے کی سمت میں ایک بڑا قدم ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں محرم الحرام کی مجالس کے دوران موبائل ویکسینیشن ٹیمیں تعینات کرنے کا فیصلہ

صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ تہران اور اسلام آباد خطے میں امن و استحکام کی بحالی اور خطے کی اقوام کیلئے سماجی و معاشرتی بہبود کے خواب کو پورا کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ ایران اور پاکستان کے تاریخی، مذہبی، ثقافتی اور جغرافیائی مشترکات، تعلقات اور جامع تعاون کو وسعت دینے کے لیے ایک بڑی صلاحیت اور مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز میں ایران اور پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد تہران کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ہم سیاسی، پارلیمانی، ثقافتی اور اقتصادی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں۔

ایرانی سفیر نے صادق سنجرانی کے مواقف کی تعریف کرتے ہوئے دو دوست اور ہمسایہ ممالک کے مابین تعلقات اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس ملاقات میں ایران سے پاکستان کے مختلف علاقوں بشمول بلوچستان کو بجلی کی فراہمی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون سے متعلق تازہ ترین پیشرفتوں کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین سینٹ نے گوادر کی بندرگاہ کی ترقی اور صوبہ بلوچستان کے خطے مکران تک بجلی کی ترسیل کے منصوبے کے لئے حکومت ایران کی حمایت کو بھی سراہا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button