لاہور، ڈی آئی جی کی زیرصدارت اجلاس،محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئےانتظامات کا جائزہ
ڈی آئی جی ساجد کیانی کا کہنا تھا کہ بانیانِ مجالس اس بات کا خصوصی خیال رکھیں کہ کوئی خطیب یا ذاکر کسی کے مقدسات کی توہین نہ کرے، متنازع گفتگو سے مکمل اجتناب کیا جائے۔

شیعیت نیوز: محرم الحرام کے سلسلے میں ڈی آئی جی ساجد کیانی کی زیر صدارت شیعہ علمائے کرام، ممبران امن کمیٹی اور لائسنسداران کا اجلاس پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ لاہور میں منعقد ہوا۔ جس میں شیعہ علماء کونسل پنجاب کے نائب صدر علامہ رائے ظفر علی، سید آصف علی زیدی، صدر شیعہ علما کونسل لاہور ملک شوکت علی اعوان، جنرل سیکریڑی سید جعفر علی شاہ، ڈویژن صدر قاسم علی قاسمی، آغا شاہ حسین قزلباش، مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے رہنما سید خرم عباس نقوی، سید منور علی شاہ، نائب صدر شیعہ علماء کونسل لاہور طاہر مہدی، متولی امام بارگاہ شاہ حسین ہربنس پورہ سید ذوالفقار حسین نقوی نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز سید ندیم عباس ایس ایس پی سکیورٹی سردار موراہن خان، ایس پی کینٹ صاعد عزیز اور تمام ڈویژنل افسران نے شرکت اور محرم الحرام میں امن و امان اور فول پروف سکیورٹی اور دیگر معاملات اور تجاویز پر بات چیت ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: غدیر کے میدان میں جس نظام ولایت و امامت کا اعلان کیا گیا وہ تا قیامت بشریت کے لئے نجات کا پیغام ہے، علامہ مقصود ڈومکی
ڈی آئی جی ساجد کیانی کا کہنا تھا کہ بانیانِ مجالس اس بات کا خصوصی خیال رکھیں کہ کوئی خطیب یا ذاکر کسی کے مقدسات کی توہین نہ کرے، متنازع گفتگو سے مکمل اجتناب کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کیساتھ امام بارگاہوں کے رضا کار اور سکاوٹس بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ جلوسوں کے روٹ پر فول پروف سکیورٹی دی جائے گی۔ اس موقع پر شیعہ عمائدین نے پولیس افسران کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔