سید ابراہیم رئیسی کی فتح سے امریکہ غصے میں ہے، عراقی سید الشہداء بریگیڈ

شیعیت نیوز: عراقی رضاکار فورس سید الشہداء بریگیڈ کا کہنا ہے کہ ایران کے صدارتی انتخابات میں سید ابراہیم رئیسی کی فتح سے امریکہ ناراض ہو گیا۔
عراقی رضاکار فورس سید الشہداء بریگیڈ کے سکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ ایران کے صدارتی انتخابات میں سید ابراہیم رئیسی کی فتح نے امریکہ کو ناراض کر دیا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی رضاکار فورس سید الشہداء بریگیڈ کے جنرل سکریٹری ابو آلاء الولائی نے اپنے ایک بیان میں عراق اور شام کی سرحد پر صبح کے وقت رضاکار فورس حشد الشعبی کے فوجی ٹھکانے پر امریکہ کے حملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کی کچھ تبدیلیوں کی وجہ سے غاصب امریکی غصے میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی ولی عہد بن سلمان نے اپنے چچازاد بھائی کے لئے سزائے موت کا فرمان جاری کردیا
انہوں نے عراق اور شام کے سرحدی علاقے البوکمال میں رضاکار فورس کے ٹھکانے پر امریکہ کے فضائی حملے پر کہا کہ ایران کے صدارتی انتخابات میں آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی کامیابی سمیت علاقے کی کچھ تبدیلیاں، امریکہ کے غصہ میں ہونے کا سبب بنی ہیں۔
عراق میں اسلامی مزاحمتی گروہ سید الشہداء بریگیڈنے ایک علیحدہ بیانیہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا: ’’اس کے بعد امریکی قابض قوتوں کے خلاف ہماری جنگ نامحدود ہو گی۔ اس بارے میں ہمارا پہلا قدم عراق کی فضائی حدود میں امریکی جارح جنگی طیاروں کو نشانہ بنانا ہو گا۔‘‘
صابرین نیوز ٹیلیگرام چینل کے مطابق، سید الشہداء بریگیڈ کی جانب سے جاری بیان میں آیا ہے کہ امریکہ ، عراقی رضاکار فورس اور فوج نیز شیعہ اور سنیوں کے درمیان فتنہ پیدا کرنے میں ناکام رہا ہے اور عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی اور عراق کے متعدد سینئر کمانڈروں کی موجودگی میں رضاکار فورس کی پریڈ، امریکی غاصبوں کے منہ پر ایک زبردست طمانچے کی طرح تھی کیونکہ اس ملک نے رضاکار فورس حشد الشعبی کو تسلیم کرنے کے راستے میں بہت زیادہ رکاوٹیں پیدا کی ہیں۔