اہم ترین خبریںپاکستان کی اہم خبریں

لاہور جوہر ٹاؤن میں دھماکہ, 3 افراد جاں بحق 24 زخمی

شیعیت نیوز: لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہو گئی جبکہ 24 افراد زخمی ہیں ، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بظاہر دھماکہ گیس لائن پھٹنے سے ہوا۔

تفصیلات کے مطابق جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکا ایک گھر میں ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے اور وہاں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، دھماکے سے ایک گھر زیادہ متاثر ہوا جبکہ دیگر گھروں کو بھی دھماکے سے نقصان پہنچا۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں ، دھماکے کے تین زخمیوں کوجناح اسپتال منتقل کیا جارہا ہے، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بظاہر دھماکے میں گیس لائن پھٹنے سے ہوا اور دھماکے سے لیسکو کی تاریں بھی ٹوٹ گئیں۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 24 افراد زخمی ہوئے جن میں پولیس اہلکار، ایک خاتون اور دو بچے بھی شامل ہیں اور جلنے کے باعث تمام زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی وزیر دفاع کا غزہ کی تعمیر نو قیدیوں کی رہائی سے مشروط کرنے کا اعادہ

بعد ازاں سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہوئے جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔

ڈی سی لاہور نے ریسکیو1122 ، اسسٹنٹ کمشنر اور لیسکوحکام کو بھی جائے وقوع پہنچنے سمیت تمام اسپتالوں کو ایمرجنسی الرٹ کی ہدایت کردی ہے۔

پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دھماکےسے قریب کھڑی موٹرسائیکلیں اور رکشہ تباہ ہوا۔

ذرائع کے مطابق اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ آیا دھماکہ کسی ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا یا پھر یہ گیس پائپ لائن کا دھماکہ تھا تاہم سکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے علاقے کا محاصرہ کر کے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button