مقبوضہ فلسطین

اقوام متحدہ کے وفد سے ملاقات انتہائی مایوس کن رہی، یحیی السنوار

شیعیت نیوز: مغربی ایشیاء کے لئے اقوام متحدہ کے وفد ٹور وینیلسینڈ نے آج فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے مرکزی رہنما یحیی السنوار کے ساتھ غزہ میں واقع ان کے دفتر میں ملاقات کی ہے۔

فلسطینی خبررساں ایجنسی شہاب کے مطابق یحیی السنوار نے اقوام متحدہ کے وفد کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ غزہ میں موجود انسانی بحران کے حل کے حوالے سے آنے والے اقوام متحدہ کے وفد میں کوئی ارادہ نہیں پایا جاتا جبکہ غاصب و مجرم صیہونی حکومت صرف اور صرف کسی بھی طریقے سے ہمارے، غزہ کی پٹی اور ہمارے قیدیوں کے اوپر اپنی گھناؤنی سیاست تھونپنے کی فکر میں ہے۔

یحیی السنوار نے کہا کہ یہ قابض حکومت ہم فلسطینی قوم کو غزہ کے محاصرے میں کمی کے حوالے سے بلیک میل کرتے ہوئے صرف اور صرف ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شمشیر القدس معرکے نے اسرائیل کے خلاف جدوجہد کی نئی مساوات رقم کر دی، یحیی السنوار

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اس وفد کے ساتھ مذاکراتی نشست انتہائی مایوس کن رہی ہے جبکہ اس کا آغاز بھی مثبت نہ تھا تاہم ہم نے اقوام متحدہ کے وفد کو بتا دیا ہے کہ ہم (غزہ میں موجود انسانی بحران پر سودے بازی کا) یہ امر کسی صورت قبول نہ کریں گے۔

حماس کے مرکزی رہنما نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس وفد کو کہہ دیا ہے کہ ہم عنقریب غزہ کے قومی و اسلامی مزاحمتی رہنماؤں کا ایک اہم اجلاس بلائیں گے تاکہ آئندہ کے قدم کا تعین کیا جا سکے جبکہ معلوم ہوتا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت ہماری قوم کی جانب سے دیئے جانے والے پیغام کو سمجھی تک نہیں ہے۔

واضح رہے کہ ترک خبررساں ایجنسی ایناڈولو نے حال ہی میں فلسطینی ذرائع سے نقل کرتے ہوئے رپورٹ دی ہے کہ عالمی و عرب فریقوں کی جانب سے فلسطینی مزاحمتی محاذ سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ غزہ کے سخت ترین صیہونی محاصرے کے خاتمے کے حوالے سے سفارتی گفتگو کے عمل کو موقع فراہم کرے جبکہ فلسطینی مزاحمتی محاذ نے بھی اس رائے کے ساتھ اتفاق کر لیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button