صیہونی فوجیوں نے 60 سالہ نہتی فلسطینی خاتون کو گولیاں مار کر شہید کردیا

شیعیت نیوز: کل اتوار کی شام اسرائیلی فوجیوں نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں ایک 60 سالہ نہتی فلسطینی خاتون رحاب محمد موسیٰ خلف زعول کو گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئیں۔ اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔
دوسری طرف اسرائیلی فوج نے حسب معمول نہتی فلسطینی خاتون پرگولی چلانے کو جواز فراہم کرنے کےلیے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی خاتون چاقو سے حملے کی منصوبہ بندی کررہی تھی۔
شہید ہونے والی خاتون کا تعلق غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم کے نواحی علاقے نحالین سے ہے۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق زخمی ہونے والی فلسطینی خاتون کو ’’شعاری تزیدک‘‘ اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دم توڑ گئی ہیں۔
اس واقعے کی ایک ویڈیو فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسرائیلی فوجی ایک خاتون پر بندوق تانے ہوئے ہیں اور اسے پیچھے ہٹنے کا کہہ کررہے ہیں۔ خاتون نہتی ہے اور اس کے میں ایسی کوئی چیز دکھائی نہیں دیتی۔
یہ بھی پڑھیں : ایران اور امریکہ کے مابین قیدیوں کے تبادلے کی خبر کی تصدیق نہیں ہوئی ہے، خطیب زادہ
اسرائیل کے طبی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوجیوںنے فلسطینی خاتون کےسرمیں گولی ماری جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئی تھی۔ اسے بیت المقدس کے ایک اسپتال لایا گیا جہاں وہ جام شہادت نوش کرگئی۔
قابض فوج کی ہدایات کے مطابق عبرانی میڈیا نے بھی فلسطینی خاتون کو مسلح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے قبضے سے ایک چاقو برآمد کیا گیا ہے تاہم اسرائیلی فوج اور عبرانی میڈیا کے اس دعوے کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
دوسری جانب فلسطین میں غاصب صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں شدت اختیار کرتی جارہی ہیں اور کل ہونے والی جھڑپوں میں متعدد فلسطینی زخمی و گرفتار ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے غیر قانونی بستیوں کی تعمیر کے خلاف غرب اردن کے علاقے کفر قدوم کے عوام نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین پر صیہونی فوجیوں نے آنسو گیس کے شیل داغے اور ربرسکی گولیاں چلائیں جس سے 10 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
فلسطین کی ریڈ کریسنٹ کمیٹی کے مطابق اسرائیلی فوجیوں اور انتہا پسند صیہونیوں کے ظلم اور جارحیت کے خلاف مشرقی بیت المقدس سے شروع ہونے والے مظاہرے پورے مقبوضہ فلسطین میں پھیل گئے ہیں۔ بیت المقدس میں غاصب صیہونی دہشت گردوں اور فلسطینیوں کے درمیان گزشتہ اتوار کو بھی شدید جھڑپیں ہوئیں اور فلسطینیوں پر صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں کم سے کم 12 فلسطینی زخمی اور متعدد گرفتار ہوئے تھے۔
صیہونی فوجی پرامن فلسطینی مظاہرین کو سرکوب کرنے کے لیے جنگ میں استعمال ہونے والی گولیاں، اشک آور گیس اور صوتی بموں کا آزادانہ استعمال کر رہے ہیں۔