اہم ترین خبریںپاکستان کی اہم خبریں

پی ٹی آئی حکومت بھی ماضی کی حکومتوں کی طرح لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے میں ناکام ہے، لیاقت بلوچ

جماعت اسلامی آئی ایم ایف کی غلامی کے خاتمہ، سود سے نجات اور اسلام کے بابرکت معاشی نظام کے نفاذ کے لیے ملک گیر جدوجہد جاری رکھے گی۔

شیعیت نیوز: نائب امیر جماعت اسلامی، جنرل سیکریٹری ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے لاپتا افراد کے والدین کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ حکومت ماضی کی حکومتوں کی طرح لاپتا افراد کو بازیاب کرانے میں ناکام ہے، حکومتی اور ریاستی ادارے مسلسل جاری ناکام حکمت عملی کو بدلیں، لاپتا افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ آئین، بنیادی حقوق اور عدالتوں سے ماورا بندوبست ختم کیا جائے، لاقانونیت اور بیرونی قوتیں لاپتا افراد کے مایوس خاندانوں کے نوجوانوں کو اپنے مقاصد کے لیے آلہ کار بنا لیتی ہیں۔ ملک دشمنی کے لیے مامور این جی اوز کے لیے یہ صورت حال سبز چارہ بنی ہوئی ہے۔ لاپتا افراد کو فوری بازیاب کیا جائے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو ریاست مدینہ کا نظام دینے کے وعدے اور اعلان سے انحراف کر گئے اور اب قومی، معاشی خودمختاری سے دست برداری اختیار کر لی ہے۔ آئی ایم ایف کی شرائط اور حکمرانوں کا سرنڈر پاکستان کے لیے ہمیشہ تباہی لاتا ہے، ملک کے اندر سیاسی، اخلاقی، پارلیمانی اور معاشی شیرازہ تار تار ہو تو عالمی مالیاتی ادارے اور ان کے گاڈفادر عالمی سرمایہ دارانہ طاقتیں اپنا سیاسی، اقتصادی بالادستی کا ایجنڈا مسلط کر دیتی ہیں۔ قومی سلامتی، آزادی اور خودمختاری کی حفاظت کے لیے قومی قیادت کو ہوش کے ناخن لینا ہوں گے، غیرذمہ دارانہ اور مجرمانہ رویوں سے مملکت خداداد اور 22کروڑ عوام کو رسوا نہ کریں۔ جماعت اسلامی آئی ایم ایف کی غلامی کے خاتمہ، سود سے نجات اور اسلام کے بابرکت معاشی نظام کے نفاذ کے لیے ملک گیر جدوجہد جاری رکھے گی۔

یہ بھی پڑھیں: آئین پاکستان اور آزاد عدلیہ کی موجودگی میں کسی بھی شہری کی جبری گمشدگی بلاجواز اور غیر قانونی اقدام ہے، علامہ باقرنقوی

لیاقت بلوچ نے کہا کہ اب وزیراعظم عمران خان عبوری حکومت اور پی ٹی آئی اتحادی تین سالہ حکومت کے بعد صرف ماضی کا رونا روتے رہنے کا حق نہیں رکھتے۔ ماضی کی حکومتوں نے قرضوں سے ملک تباہ کیا۔ اسی تسلسل میں پی ٹی آئی اتحادی حکومت نے بھی قرضوں کے انبار کھڑے کر کے ملک کا ستیاناس کر دیا ہے۔ غربت، مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت، سماجی جرائم، خودکشیاں اور نفسیاتی بیماریاں بڑھتی ہی جا رہی ہیں۔ حکومت اس کا سدباب کرنے کی بجائے جلتے حالات پر تیل چھڑک رہی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت مفلوج، بے بس، لاچار حکومت ہے۔ بحرانوں کا خاتمہ، عوام کو ریلیف دینا اس کے بس کا روگ نہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button