نابلس میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں فلسطینی شہری شہید

شیعیت نیوز: فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 45 سالہ ایک فلسطینی الشیخ عاطف یوسف حنایشہ شہید ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق حنایشہ کو نابلس کے مشرق میں بیت دجن کے مقام پر گولیاں ماری گئیں جہاں فلسطینیوں نے قابض فوج کے خلاف ایک احتجاجی جلوس نکال رکھا تھا۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ الشیخ حنایشہ بیت دجن قائم مسجد موسیٰبن نصیر میں موذن تھے۔ انہیں شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
یہ بھی پڑھیں : جنرل اسماعیل قاآنی کی مدافع حرم شہید مہدی بختیاری کے اہل خانہ سے ملاقات
اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی شہری کو گولیاں مار کر شہید کرنے کا اعتراف کیا ہے اورکہا ہے کہ فلسطینی شہری کو گولی اس وقت ماری گئی جب وہ اسرائیل مخالف ایک ریلی میں شریک تھا۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔یہ ریلی اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے بانی رہنما شہید الشیخ احمد یاسین کی یاد میں نکالی گئی تھی۔
قابض اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتے ہوئے ان پر زہریلی آنسوگیس کی شیلنگ کی، دھاتی گولیاں، صوتی بم اور براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں : انصار اللہ نے آل سعود کی نیندیں حرام کردیں، شاہ خالد ایئر بیس اور آرامکو پر ڈرونوں سے حملہ
دوسری جانب فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں گذشتہ روز عین البیضا کے مقام پر اسرائیلی فوج کے غاصبانہ قبضے کے مذموم عزائم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ اسرائیلی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر طاقت کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق جنوب مشرقی یطا کے نواحی علاقے عین البیضا پر اسرائیلی فوج کے غاصبانہ قبضے کے مذموم عزائم کے خلاف مظاہرہ کیا جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے اسرائیلی فوج کے خلاف اور یہودی آباد کاری کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
دسیوں فلسطینیوں نے احتجاج کے طور پر عین البیضا کے مقام پر نماز جمعہ ادا کی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے چند روز قبل عین البیضا کی اراضی پر قبضے کا اعلان کیا تھا۔ اس قبضے کا مقصد ماعون اور کرمئیل یہودی کالونیوں میں توسیع کرنا ہے۔