اہم ترین خبریںپاکستان

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان نے اپنا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا

انہوں نے کہا نئے نام کے اطلاق کے حوالے سے حالیہ 23 مارچ کو ہونیوالے اجلاس عاملہ میں فیصلہ کیا جائے گا کہ نیا نام لاگو کرنا ہے یا نہیں

 شیعیت نیوز: وفاق المدارس الشیعہ نے اپنا نام تبدیل کر لیا ہے۔ انتہائی باوثوق ذرائع کےمطابق وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کی مجلس عاملہ کا اجلاس 23 مارچ بروز منگل کو جامعۃ المنتظر لاہور میں طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں وفاق المدارس الشیعہ کے نام کے نفاذ کی ہدایت کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزارت تعلیم کے معاہدوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا، ڈائریکٹوریٹ جنرل مذہبی تعلیم کے قیام، رجسٹریشن کے امور اور عصری مضامین کی تدریس کا لائحہ عمل بھی زیر بحث لایا جائے گا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ عاملہ کے اجلاس میں وفاق المدارس کے دستور میں بھی ترمیم کی جائے گی اور صدر کے انتخاب کیلئے کورم میں بھی ترمیم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی، کالعدم وہابی دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے امیر کا دست راست گرفتار

ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے گا کہ اہل منبر خواتین و حضرات کی تربیت کا بھی خصوصی شعبہ مدارس میں قائم کیا جائے گا، اسی اجلاس میں آئندہ پانچ سال کیلئے وفاق المدارس کے صدر کا بھی انتخاب کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاق المدارس کے نئے نام کے نفاذ کی ہدایات جاری کی جائیں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ وفاق کے نئے نام کیلئے ’’وفاق المدارس اسلامیہ، وفاق المدارس دینیہ، وفاق المدارس المحمدیہ اور مجمع المدارس الامامیہ‘‘ کے نام پیش کئے گئے تھے، جن میں وزارت تعلیم سے ’’وفاق المدارس الاسلامیہ‘‘ کے نام کی منظوری لے لی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت تعلیم نے بھی نئے نام کی منظوری دیدی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:علامہ راجہ ناصرعباس ، عارف الجانی اور دیگر علماءپر پابندی کےخلاف چنیوٹ میں احتجاجی مظاہرہ

یاد رہے کہ پاکستان میں پہلے 5 وفاق کام کر رہے تھے، موجودہ حکومت نے 5 نئے وفاقوں کی منظوری دی ہے، جس کے بعد اب پاکستان میں دینی مدارس کے وفاقوں کی تعداد 10 ہوچکی ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ وفاق کا نام تبدیل تو کافی عرصے سے کر دیا گیا تھا، تاہم اس کا اعلان نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا نئے نام کے اطلاق کے حوالے سے حالیہ 23 مارچ کو ہونیوالے اجلاس عاملہ میں فیصلہ کیا جائے گا کہ نیا نام لاگو کرنا ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے نام کے حوالے سے تفصیلات عاملہ کے اجلاس کے بعد ہی منظر عام پر لائی جائیں گی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button