یمن

مآرب شہر کو امریکہ و برطانیہ کی گود میں نہیں جانے دیں گے، قبائلی سردار

شیعیت نیوز: مآرب کے قبائلیوں نے مغربی ملکوں کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ مآرب کو آزاد کرائے جانے کی کاروائی میں عام شہری مارے گئے ہیں۔ قبائلی سردار نے اعلان کیا ہے کہ مآرب کو یمن کے خلاف امریکہ و برطانیہ کی سازشوں پر عمل کے مرکز میں تبدیل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

مآرب کے قبائلی سرداروں نے اس صوبے کو آزاد کرانے کے لئے یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ غاصبوں کے قبضے سے اس صوبے کو آزاد کرانے کی فوجی کاروائی، جارحین کے خلاف استقامت کے مترادف ہے اور اس کاروائی میں عام شہریوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچ رہا ہے۔

جہم کے ایک قبائلی سردار ناجی المصری نے کہا ہے کہ یمنی قوم نے اپنے ملک کے صوبے مآرب کو آزاد کرانے کا تہیہ کر رکھا ہے اور وہ جارح ملکوں کے شورشرابے سے مرعوب نہیں ہو گی۔انھوں نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے جارح اتحاد میں شامل مختلف ملکوں نے خطرناک ترین دہشت گردوں کو مآرب منتقل کیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں : مآرب میں سعودی اتحاد کے سرغنہ فوجی کمانڈروں کے اجلاس پر میزائل حملہ

انھوں نے کہا کہ یمنی قوم کے جوانوں کی جانب سے مآرب کو آزاد کرائے جانے کی کارروائی ایک جدوجہد ہے اور عجیب بات تو یہ ہے کہ سعودی اتحاد اسے جارحیت قرار دے رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ اور سعودی اتحاد میں شامل دیگر ملکوں کے مگر مچھ کے آنسوؤں اور شور شرابے کو کوئی اہمیت نہیں دی جائے گی اور مآرب کو آزاد کرانے کی کارروائی بدستور جاری رہے گی ۔

انھوں نے کہا کہ امریکہ کو یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ مآرب امریکہ یا برطانیہ کا نہیں بلکہ یمن کا صوبہ ہے اور یمنی عوام اپنے ملک کے اس مقبوضہ صوبے کو آزاد کرانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔

دوسری جانب یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے مآرب کی جنگ کو یمن کے خلاف جاری جارحیت کا شدید ردعمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یمنی فوج اور رضاکار فورس نے مآرب شہر کے کئی اسٹریٹیجک پہاڑی علاقوں کو آزاد کرا لیا ہے اور یمنی فوج کے شدید حملوں کی وجہ سے سعودی اتحاد کی ڈیفنس لائن زمین بوس ہو گئی ہے۔

محمد عبدالسلام نے یمن کے خلاف جاری جارحیت اور اس ملک کے محاصرے کے مقابلے میں عالمی برادری کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن پسند یمنی عوام، تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مرحلے میں ہیں اس لئے کہ اقوام متحدہ جیسا عالمی ادارہ بھی یمن کے محاصرے کی مذمت کرنے کی جرآت نہیں کر پا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button