عراق: کرکوک شہر بڑی تباہی سے بچ گیا، خودکش حملہ آور ہلاک

شیعیت نیوز: عراقی ذرائع نے کہا ہے کہ کل رات ایک خودکش حملہ آور کو ہلاک کردیا گیا جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر انسانی جانیں محفوظ رہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق دجلہ ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق عراق کی سکیورٹی فورسز نے کرکوک شہر کے علاقے داقوق میں ایک خودکش حملہ آور کو اس وقت فائرنگ کر کے ہلاک کردیا جب وہ عوامی بھیڑ میں اپنے آپ کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش کر رہا تھا۔
عراقی میڈیا نے ملک کے جنوبی علاقے میں قابض امریکی فوج کے ایک لاجسٹک قافلے کے بم حملے کی نذر ہونے کی اطلاع دی ہے۔
مزاحمتی محاذ کے قریبی سوشل میڈیا چینلز کے مطابق عراقی صوبے دیوانیہ میں امریکی فوجی قافلہ سڑک کنارے نصب بم سے ٹکرا گیا جس کے باعث کارروان میں موجود متعدد فوجی گاڑیاں قیمتی و حساس فوجی سازوسامان سمیت جل کر راکھ ہو گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عراق میں موجود داعش سے نام نہاد مقابلے کے امریکی فوجی اتحاد کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : حشدالشعبی کی عراق میں داعشی دہشت گرد عناصر کا مقابلہ کئے جانے پر تاکید
دوسری جانب عراق کی عوامی رضاکار فورس حشدالشعبی نے مشرقی عراق کے صوبے دیالہ میں داعش دہشت گرد گروہ کے باقی بچے عناصر کے ایک دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنا دیا۔
صابرین نیوز کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق حشدالشعبی کے اٹھائیسویں بریگیڈ نے داعشی دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کر دیا جبکہ اس کارروائی میں عراق کی عوامی رضاکار فورس حشدالشعبی کے دو جوان شہید اور چار دیگر زخمی ہو گئے۔
عراقی ذرائع ابلاغ نے اس کارروائی میں دہشت گرد عناصر کو پہنچنے والے جانی نقصان کی طرف کوئی اشارہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ عراق میں تین برسوں کی معرکہ آرائی کے بعد دو ہزار سترہ میں داعش دہشت گرد گروہ کی شکست کا اعلان کردیا گیا تاہم داعش کے بعض عناصر اب بھی عراق کے بعص علاقوں میں روپوش ہیں جو موقع ملنے پر عراق میں دہشت گردانہ حملے کر کے عراقی عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔