ریحانِ عزا ڈاکٹر ریحان اعظمیٰ کروڑو ں چاہنے والے عزاداروں کو سوگوار چھوڑ گئے
ڈاکٹر ریحان اعظمی اپنے عہد کے عظیم شاعر تھے ۔ آپ نے پاکستان کے مشہور نوحہ خوانوں کیلئے بے شمار کلام لکھے جو لوگوں میں زبان زد عام ہیں۔

شیعیت نیوز:شیعیت نیوز: بابائے اردو نوحہ نگاری، ریحان عزا ڈاکٹرریحان اعظمیٰ کروڑوں چاہنے والے عزاداروں کو سوگوار چھوڑ کر دارالفناء سے دار البقاء کی جانب کوچ کرگئے ، ریحان اعظمیٰ اردو نوحہ نگاری میں اپنا ثانی نہیں رکھتے تھے۔ہزاروں نوحوں اور مرثیوں کےمصنف ڈاکٹرریحان اعظمیٰ مرحوم کی نماز جنازہ آج بعد نماز مغربین مرکزی امام بارگاہ جعفرطیار سوسائٹی ملیر میں ادا کی جائے گی ۔
تفصیلات کے مطابق جدید مرثیہ، سلام اور نوحوں کے خالق ڈاکٹر ریحان اعظمی داعی اجل کو لبیک کہتے دنیا سے رخصت ہوگئے۔ ڈاکٹر ریحان اعظمی اپنے عہد کے عظیم شاعر تھے ۔ آپ نے پاکستان کے مشہور نوحہ خوانوں کیلئے بے شمار کلام لکھے جو لوگوں میں زبان زد عام ہیں۔ ریحان اعظمی نے بے شمار مرثیہ ، نوحے، سلام اور غزلیات پرمبنی کتابیں بھی لکھیں۔ آپ کی زندگی رسول اور آل رسول صل اللہ علیہ وآل وسلم کی محبت سے سرشار رہی آپ کا کلام ہمیشہ زندہ رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی زیر اثرٹوئٹرانتظامیہ نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای کا اکاؤنٹ معطل کردیا
ریحان اعظمی کی نماز جنازہ آج 26 جنوری 2021 کو بعد نماز مغربین مرکزی امام بارگاہ جعفر طیار میں ادا کی جائے گی۔ تدفین وادی حسینؑ قبرستان میں ہو گی۔
ڈاکٹر ریحان اعظمی 7 جولائی 1958ء کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے، انتقال کے وقت ان کی عمر 63 برس تھی۔
انہوں نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ اسکول لیاقت آباد سے حاصل کی، جب کہ ثانوی تعلیم کیلئے سراج الدولہ کالج کے اساتذہ کے سامنے زانوئے تلمذ تہہ کیا اوروہاں سے اعلیٰ تعلیم کیلئے جامعہ کراچی کا رخ کیا۔
ڈاکٹر ریحان اعظمی نے 1974ء میں باقاعدہ شاعری کا آغاز کیا ۔
حمد و سلام، نعت، نوحہ، منقبت اور مرثیے میں ان کا کوئی ثانی نہیں تھا۔ جدید اردو ادب کی تاریخ کراچی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ریحان اعظمی کے ذکرکے بغیر نامکمل ہے۔ وہ ایک استاد، صحافی اور قلمکار تھے، لیکن ان کی بنیادی پہنچان اور ان کا طرہ امتیاز شاعری خاص کر نوحہ اور مرثیے رہے۔
پاکستان کے رثائی ادب میں ان کی بڑی خدمات شامل ہیں۔ انہوں نے رثائی ادب میں 25 سے زائد کتابیں بھی تحریر کیں جن میں نوائے منبر، غم، آیاتِ منقبت اور ایک آنسو میں کربلا سمیت دیگر کئی کتب شامل ہیں۔
ریحان اعظمی نے عالمی اور قومی سطح پر کئی تمغے بھی اپنے نام کئے۔
شیعیت نیوز اس عظیم شاعر اہلبیت کی وفات پر دل کی گہرائیوں سے پوری ملت اسلامیہ کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں اور بارگاہ الہی میں دعا گو ہیں کہ پروردگار مرحوم کو جوار معصومین علیہم السلام میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین و پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین۔