اہم ترین خبریںمقبوضہ فلسطین

مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی کھدائیاں ،عالمی برادری سے مداخلت کی اپیل

شیعیت نیوز: فلسطینی اتھارٹی نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیل کی جانب سے تازہ کھدائیوں کی سرگرمیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی کھدائیاں روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی کھدائیاں مقدس مقام میں اسرائیل کی بے جا مداخلت کا واضح ثبوت ہے۔ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بیت المقدس بالخصوص مسجد اقصیٰ‌ کے اطراف میں اسرائیل کی توسیع پسندانہ سرگرمیوں کا نوٹس لے اور مسجد اقصیٰ میں کھدائیاں رکوائے۔

فلسطینی وزارت خارجہ کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں‌ جاری کیا گیا ہے کہ گذشتہ روز فلسطینی وزارت اوقاف نے انکشاف کیا تھا کہ اسے پتا چلا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی جنوب مغربی تاریخی دیوار سے متصل دیوار براق کے صحن میں تازہ کھدائیاں کی گئی ہیں۔ یہ کھدائیاں تاریخی مراکشی دروازے تک پہنچنے کے لیے بنائے گئے لکڑی کے پل کے پاس بنائی گئی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں کھدائیاں اسرائیلی ریاست کی جانب سے سلوان اور اطراف کے مقامات پر قبضے کے عزائم اور فلسطینیوں‌ کو وہاں سے بے دخل کرنے کی کوششوں کا تسلسل ہیں۔ ان کھدائیوں کو سلوان اور القدس میں‌ دوسرے مقامات پر فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور ان کے گھروں کی منظم انداز میں مسماری کی مہم سے الگ نہیں رکھا جاسکتا۔

گذشتہ روز فلسطینی وزارت اوقاف نے خبردار کیا تھا کہ اسرائیل دیوار براق کے صحن میں توسیع پسندی کی خاطر کھدائیوں کا سلسلہ بدستور جاری رکھے ہوئے ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی فوج نے طولکرم میں 7 فلسطینی مزدوروں کو گولی مار دی

دوسری جانب اردن کی حکومت نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ کے صحن اور دیوار براق کے صحن میں کھدائیوں‌ کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔

رپورٹ کےمطابق اردنی وزارت خارجہ کے ترجمان ضیف اللہ الفائز نے ایک بیان میں‌ کہا کہ صحن براق میں اسرائیل کی کھدائی کی کارروائیاں کھلم کھلا مذہبی اشتعال انگیزی ہے۔ اسرائیل ایک قابض ریاست کی حیثیت سے بیت المقدس کے مذہبی مقامات کے تقدس کے دفاع اور صحن براق میں جاری کھدائیاں فوری بند کرے۔

الفائز نے اسرائیل پر مسجد اقصیٰ اور حرم قدسی کے دیگر مقدس مقامات کے حوالے سے بین الاقوامی قوانین کی پابندی کا مطالبہ کیا۔

ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے مشرقی بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے اطراف میں کسی قسم کی یک طرفہ کارروائیوں کی مذمت کی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اردن کا محکمہ اوقاف ومسجد اقصیٰ امور مسجد اقصیٰ کے 144 دونم کے علاقے کا کفیل اور سرپرست ہے اور بین الاقوامی قوانین کی رو سے اردن اپنی مذہبی اورآئینی ذمہ داریاں‌پوری کرنے کا مجاز ہے۔

خیال رہے کہ فلسطینی وزارت مذہبی امور و اوقاف کی طرف سےجاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ ایام میں مسجد اقصیٰ کے صحن براق میں تازہ کھدائیاں سامنے آئی ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button