دنیا

امریکہ میں موذی وبا کورونا کیسز کا نیا عالمی ریکارڈ قائم

شیعیت نیوز: دنیا کا کوئی بھی خطہ کورونا وائرس کی موذی وبا سے محفوظ نہیں تاہم اس سے سب سے زیادہ متاثر امریکہ ہوا ہے۔

امریکہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں مزید تیزی آگئی ہے جس سے يوميہ بنیادوں پر سامنے آنے والے نئے کیسز کے پچھلے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں ایک دن میں موذی وبا کورونا وائرس کے نئے 2 لاکھ 48 ہزار مریض سامنے آئے ہیں۔ یہ اب تک یومیہ بنیادوں پر سامنے آنے والے کیسز کا نیا ریکارڈ ہے جب کہ صرف ایک دن میں کورونا وائرس سے 2 ہزار 706 اموات بھی ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :سری لنکا میں مسلمانوں کی لاشیں جلائے جانے پر احتجاج

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکہ ہے جہاں اس مہلک وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ 62 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 98 ہزار ہے۔ صرف دس دن میں یومیہ دو لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔

امریکہ کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے فائزر اور بائیوٹیک کی مشترکہ طور پر تیار کردہ ویکسین کے ملک بھر میں ہنگامی بنیادوں پر استعمال کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد کورونا ویکسین کی فراہمی گزشتہ پیر سے شروع ہو چکی ہے تاہم ویکسین کی ملک گیر سطح پر فراہمی میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکہ پہلے نمبر پر ہے۔

ایک ارب سے زائد آبادی والا ملک بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی اس فہرست میں برازیل تیسرے نمبر پر ہے۔

دوسری جانب امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار شخص سے ملاقات کے بعد قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پومپیو کا ٹیسٹ کیا گیا جو منفی آیا ہے۔

امریکہ کے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق سی ڈی سی کی گائیڈ لائنز کے مطابق مائیک پومپیو قرنطینہ میں چلے جائیں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ پرائیویسی کے مدنظر ان سے ملاقات کرنے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی جا سکتی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button