اسرائیل شہید فخری زادہ کے بہیمانہ قتل کا ذمہ دار ہے: ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے شہید محسن فخری زادہ کی شہادت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل، شہید فخری زادہ کے بہیمانہ قتل کا ذمہ دار ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے شہید محسن فخری زادہ کی شہادت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل، شہید فخری زادہ کے بہیمانہ قتل کا ذمہ دار ہے۔ خطیب زادہ نے شہید فخری زادہ کو ایرانی جوانوں کے لئے بہترین اسوہ ، نمونہ عمل اور رہنما قراردیتے ہوئے کہا کہ شہید فخری زادہ نے اپنا خون پیش کرکے ملک اور قوم کو مزید استحکام اور انسجام عطا کیا ہے۔
خطیب زادہ نے اپنے افغانستان کے مختصر دورے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سفر میں افغان حکام کے ساتھ گفتگو مفید رہی اور دونوں ممالک نے سیاسی ، ثقافتی اور اقتصادی شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ۔ انھوں نے کہا کہ ایران افغانتسان میں پائدار امن کا خواہاں ہے۔
خطیب زادہ نے کہا کہ شہید فخری زادہ کے بہیمانہ قتل کی دنیا کے کئي ممالک نے مذمت کی جن میں شام، افغانستان ، عمان ، کویت، قطر، آذربائیجان اور فلسطینی تنظیم حماس شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بعض ممالک نے اسرائیل کے دہشت گردانہ اقدام کی مذمت کرنے کے بجائے ایران کو صبر کرنے کی سفارش کی۔ جبکہ ایران کے خلاف اسرائیل کے گستاخانہ اور دہشت گردانہ اقدامات میں اضافہ ہوگيا ہے اور ایران یقینی طور پر اپنے شہیدوں کا سخت انتقام لے گا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیل ، شہید فخری زادہ کے بہیمانہ اور ظالمانہ قتل کا ذمہ دار ہے اور اس قتل میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔