مشرق وسطی

فلسطین کی مکمل آزادی تک اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی برقراری نا ممکن ہے۔ او آئی سی

شیعیت نیوز : اسلامی تعاون تنظیم نے کہا ہے کہ فلسطین کی مکمل آزادی تک غاصب صیہونی ٹولے کے ساتھ تعلقات کی برقراری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

رپورٹ کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل یوسف العثیمین نے ایک بیان جاری کر کے بیت المقدس کی مرکزیت کے ساتھ ایک آزاد فلسطین کے قیام کی حمایت کی ہے۔ بیان میں آیا ہے کہ فلسطین من جملہ بیت المقدس کی مکمل آزادی تک تنظیم کے رکن ممالک کا غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات بحال کرنا ناممکن ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ نے اطمینان دلایا کہ وہ فلسطینیوں کے حق بازگشت، اپنی تقدیر کے فیصلے اور بیت المقدس کی مرکزیت کے ساتھ ایک خود مختار فلسطین کے قیام جیسے مسلمہ اور قانونی حقوق کی بازیابی کے لئے فلسطینی قوم کی حمایت و کوشش سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : غزہ میں پریڈ کے دوران دھماکہ، القدس بریگیڈ کے چار کمانڈر شہید

یوسف العثیمین کا یہ بیان متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین تعلقات کی استواری کے دو ہفتے بعد سامنے آیا ہے۔

اُدھر الجزائر نے بھی اعلان کیا ہے کہ فلسطین کی حمایت اس کی خارجہ پالیسی کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے۔ الجزائر کی حکومت کے ترجمان عمار بیل حیمر نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی پر متحدہ عرب امارات پر کڑی نکتہ چینی کی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور الجزائر کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔

خیال رہے کہ برسوں سے مخفی طور پر اسرائیل سے قریبی تعلقات رکھنے والے متحدہ عرب امارات نے تیرہ اگست کو باضابطہ طور پر غاصب صیہونی ٹولے کے ساتھ اپنے تعلقات کی بحالی کا اعلان کیا جس کی خبر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کو دی۔

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد نے دعوی کیا ہے کہ انہوں نے فلسطینی علاقے غرب اردن کی مقبوضہ فلسطین میں شمولیت کو روکنے کے لئے اسرائیل کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button