دنیا

اقوام متحدہ کا ایٹمی ہتھیاروں سے درپیش خطروں کے بارے میں انتباہ

شیعت نیوز : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ایٹمی ہتھیاروں کا خطرہ روز بروز بڑھنے کے بارے میں انتباہ دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل آنٹونیو گوترش نے ہیروشیما پر ایٹمی بمباری کی پچھترویں برسی کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں ایٹمی ہتھیاروں کے بڑھتے ہوئے خطرے کے بارے میں انتباہ دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے تمام ممالک سے اپیل کی کہ ایٹمی خطرے کو سنجیدگی سے لیں اور دنیا کو اس طرح کے ہتھیاروں سے پاک کرنے کی کوشش کریں۔

یہ بھی پڑھیں : ہم لبنانی قوم کی مدد کے لئے اپنی تمام صلاحیتوں سے استفادہ کررہے ہیں۔ جنرل سلامی

آنٹونیوگوترش نے کہا ہے کہ ممکن ہےکہ ایٹمی ہتھیار جان بوجھ کر یا اندازے کی غلطی کے نتیجے میں استعمال ہوجائیں ۔انٹونیو گوترش نے تاکید کے ساتھ کہا کہ دنیا کے تمام ممالک ایٹمی ہتھیاروں کی تباہی میں کردار ادا کریں لیکن ان ہتھیاروں کے حامل ممالک پر اس سلسلے میں خاص ذمہ داری ہے۔

دوسری جانب جاپان کے شہر ہیروشیما پر امریکی ایٹمی حملے کو 75 سال بیت گئے ہیں ۔ یادگاری تقریب میں متاثرین کے رشتے دار اور حکومتی نمائندوں نے شرکت کی، کورونا کے سبب تقریب میں عام افراد کی شرکت پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

اس موقع پر ہیرو شیما کے میئر کا اپنی تقریر میں کہنا تھا کہ دنیا کو کورونا وائرس کی طرح عالمی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے اکٹھا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ شہر امریکی ایٹمی حملے میں تباہ ہوگیا تھا لیکن آج یہ امن کی علامت بن گیا ہے۔

ہیرو شیما کے ایٹم بم حملے کی یادگاری سالانہ تقریب میں ہلاک افراد کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

امریکی فضائیہ کے بمبار طیاروں نے سن انیس سو پینتالیس میں چھے اور نو اگست کو جاپان کے ہیروشیما اور ناکازاکی شہروں پر وحشیانہ طریقے سے ایٹم بم برسائے تھے۔ہیرو شیما اور ناکازاکی پر امریکہ کی ایٹمی بمباری سے تقریبا تین لاکھ جاپانی شہری ہلاک ہوئے جبکہ لاکھوں شہری زخمی ہوگئے اور معذور بچوں کی پیدائش کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button