پاکستان کی اہم خبریں

کراچی میں نادرن بائی پاس پر دہشت گردوں نے پولیس افسر کو قتل کردیا

شیعیت نیوز : کراچی کے ضلع ملیر میں ڈیوٹی ختم کرکے موٹر سائیکل پر سادہ کپڑوں میں گھر جاتے ہوئے پولیس افسر کو نادرن بائی پاس پر دہشت گردوں نے قتل کردیا۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق سب انسپکٹر یار محمد گلشن معمار تھانے میں تعینات تھا، وہ گزشتہ رات 8 بجے تھانے سے ڈیوٹی ختم کرکے سادہ کپڑوں میں موٹر سائیکل پر اپنے گھر جا رہا تھا کہ نادرن بائی پاس پر افغان کٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے یار محمد کو نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے یار محمد پر فائرنگ کی جس پر وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق شہید پولیس سب انسپکٹر یار محمد کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی۔

یہ خبر بھی پڑھیں راجن پور، سی ٹی ڈی نے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا 5دہشتگرد ہلاک

واضح رہے کہ رواں مہینے کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس پر یہ چھٹا حملہ ہے۔ گذشتہ چار ہفتوں کے دوران پولیس اہلکاروں کو قتل کرکے دہشت گرد اسلحہ بھی چھین کر لے جاچکے ہیں۔ آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے نادرن بائی پاس کے قریب فائرنگ سے پولیس آفیسر کے قتل پر ایس ایس پی ملیر سے تمام تر ضروری اقدامات پر مشتمل رپورٹ فی الفور طلب کرلی ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ملیر فوری طور پر موقع پر پہنچے۔ ان کی نگرانی میں پولیس پارٹی نے موقع سے شواہد جمع کئے اور تفتیش شروع کردی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button