اہم ترین خبریںپاکستان

پاراچنار کے طوری بازار میں دھماکہ، ایک مومن شہید اور 16 زخمی

شیعت نیوز: صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے پاراچنار کے طوری بازار میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک مومن شہید اور16 زخمی ہوگئے ہیں۔ جس میں ایک چھوٹا بچہ شدید زخمی ہے۔

پاراچنار کے طوری بازار میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک مومن شہید اور 16 افراد زخمی ہوگئے ہیں، جبکہ اطراف میں موجود گاڑیوں اور املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

ڈی ایس پی نجب علی کا کہنا ہے کہ آئی ای ڈی کے ذریعے دھماکہ کیا گیا جسے سبزی کی ریڑھی میں نصب کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں اکثر سبزی اور پھل فروش ہی موجود ہوتے ہیں اور زخمیوں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ میں چین کے سفارت کاروں کو موت کی دھمکیاں دی گئیں۔ ہوا چون اینگ

ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر قیصر عباس بنگش نے کہا کہ اب تک کم از کم 16 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب علاقے کے رہائشی افراد نے واقعے کے خلاف مقامی پریس کلب کے باہر احتجاج شروع کر دیا ہے۔

50 ہزار سے زائد آبادی کے علاقے پارا چنار میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں اور وہاں فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی چوکیاں بھی قائم ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ پاراچنار میں کوئی اس طرح کا واقعہ رونما ہوا ہو بلکہ اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ اس علاقے کو دہشت گرد نشانہ بنا چکے ہیں۔

24 جون 2017ء کو پاراچنار کے گنجان آباد علاقے میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 67 افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ اس سے چند ماہ قبل ہی امام بارگاہ کے قریب کار میں بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد جاں بحق اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

جنوری 2017ء میں دہشت گردوں نے ایک مرتبہ پھر پاراچنار کو نشانہ بنایا تھا اور سبزی مارکیٹ میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 25 افراد شہید اور 87 زخمی ہوگئے تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button