اہم ترین خبریںپاکستان

ملک میں دہشت گردی کی روک تھام کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں۔ علامہ سید ساجد علی نقوی

شیعت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کراچی اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی روک تھام کےلئے مزید اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہادری کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملہ ناکام بناتے ہوئے تمام چار حملہ آوروں کو مار گرایا۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایک موقع اور مل گیا کہ وہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا سراغ لگا کر انہیں قانون کے شکنجہ میں جکڑیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ ملک میں تکفیری ، فرقہ پرست اور انتشار پھیلانے والوں کے خلاف بھی بلاتفریق کارروائی کی جائے تاکہ ملک امن کا گہوارا بن سکے ۔

آخر میں علامہ ساجد نقوی نے شہداکے لواحقین سے اظہار تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا کی۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی دہشت گردی کے اصل محرکات سامنے لائے جائیں۔ علامہ نیاز نقوی

دوسری جانب علامہ سید ساجد علی نقوی نے 23ویں یوم تاسیس جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ہر معاشرے کی ترقی، اساس، ہر نظام کا انحصار اور ہر نظریئے کی ترویج و تقویت میں نوجوانوں کا کردار بنیادی نوعیت کا حامل رہا ہے۔

تبدیلی کی ہر تحریک نے جہاں بزرگوں کی رہنمائی میں سفر طے کیا ہے، وہاں نوجوان طبقے کی حمایت اور جدوجہد نے اس سفر کو مزید آسان کیا ہے۔ انسانی معاشرے کی تاریخ میں نوجوان ہمیشہ ہراول دستے کے طور پر متحرک رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ معاشرے اور خطے خوش نصیب ہوتے ہیں، جنہیں نہ صرف نوجوانوں بلکہ تعلیم یافتہ اور باکردار جوانوں کا تحرک میسر ہو۔ کیونکہ تعلیم یافتہ اور باکردار جوان معاشرے کے دیگر عام جوانوں کی نسبت زیادہ فائدہ مند ہوتے ہیں۔

ہم پاکستان جیسے ملک کے جس معاشرہ میں سانس لے رہے ہیں، وہاں مجموعی طور پر نوجوانوں کو بے شمار مفاسد اور مسائل کا سامنا ہے۔

معاشرتی اور سماجی برائیوں اور ناکام سیاسی نظام نے ملک کو گھیرے میں لے رکھا ہے، ایسے ماحول میں جو طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہے، وہ ہمارے جوان ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button