مقبوضہ فلسطین

اسرائیلی سازش کو ناکام بنانے کے لیے چالیس عرب و اسلامی ملکوں کو اسماعیل ہنیہ کا خط

شیعت نیوز : فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ نے چالیس عرب اور اسلامی ملکوں کے سربراہوں کو الگ الگ خط بھیج کر غرب اردن کے بعض علاقوں کو مقبوضہ علاقوں میں ملحق کرنے کی اسرائيل سازش کو ناکام بنانے کے لیے ان کی جانب سے فوری اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔

فلسطین پریس سینٹر کی رپورٹ کے مطابق اسماعیل ہنیہ نے ان خطوط میں کہا ہے کہ غرب اردن کو مقبوضہ علاقوں میں شامل کرنے کا منصوبہ، فلسطین اور عرب و اسلامی امت کے آج اور کل کے لیے ایک حقیقی خطرہ ہے۔

انھوں نے عرب اور اسلامی ملکوں کے سربراہوں سے کہا ہے کہ وہ غرب اردن اور بیت المقدس کے الحاق کے اس اسرائيلی منصوبے کے خلاف فلسطینیوں کے متحدہ موقف کی حمایت میں ایک سربراہی اجلاس منعقد کریں۔

یہ بھی پڑھیں : صیہونی آباد کاروں کا بیت المقدس میں ایک فلسطینی بچی پر قاتلانہ حملہ

دوسری جانب تحریک حماس کے رہنما نےعالمی برادری اور عرب ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کو غرب اردن کے مزید علاقوں کو مقبوضہ سر زمینوں میں ضم کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد سے روکنے کے لئے سنجیدہ اور عملی اقدام کریں۔

صیہونی حکومت سینچری ڈیل منصوبے کی بنیاد پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حمایت سے جولائی کے اوائل میں غرب اردن کے تیس فیصد علاقوں کو مقبوضہ فلسطینی سرزمینوں میں ضم کرنا چاہتی ہے۔

تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان جاری کر کے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ غرب اردن کے تیس فیصد علاقوں کو مقبوضہ زمینوں میں شامل کرنے سے روکنے کے لئے امریکہ اور صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالے۔

تحریک حماس کے ترجمان نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ صرف سیاسی و صحافتی موقف اختیار کرنے پر اکتفا نہیں کرنا چاہئے کہا کہ صیہونی حکومت کو بین الاقوامی اتحاد کے مقابلے میں سرکشی کی عادت پڑ چکی ہے۔ اس سلسلے میں فلسطینی انتظامیہ کے وزیر اعظم محمد اشتیہ نے اعلان کیا ہے کہ اگر صیہونی کابینہ غرب اردن پر غاصبانہ قبضہ کرنے کے منصوبے سے دست بردار نہیں ہو گی تو فلسطینی انتظامیہ نیا راستہ اختیار کرے گی۔

دنیا کے بہت سے ممالک کے حکام اور سیاسی و مذہبی شخصیات نے غرب اردن کے بعض علاقوں کو مقبوضہ زمینوں میں ضم کرنے کے صیہونی حکومت کے منصوبے کی مذمت کی ہے۔

پی ایل او کی ایکزیکٹیو کمیٹی کے رکن واصل ابویوسف کا کہنا ہے کہ پوری ملت فلسطین امریکی صیہونی منصوبے سینچری ڈیل کی مخالف ہے۔ فلسطین کی تحریک الفتح کے نائب سربراہ محمود العالول نے بھی کہا ہے کہ ملت فلسطین صیہونی حکومت کے ساتھ معاہدے کو قبول نہیں کرتی اور خود مختار فلسطینی حکومت کی تشکیل اور مکمل آزادی تک اپنی جائز جد و جہد کو جاری رکھے گی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button